اٹلی میں نیا سال شروع ہوتے ہی سیکڑوں پرندوں کی پُراسرار موت

اس امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا کہ دل کا دورہ پرندوں کی موت کا باعث بنا ہو، ترجمان تنظیم برائے حیوانی تحفظ


ویب ڈیسک January 03, 2021
پرندوں کی موت تیز دھماکوں سے خوف کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے بھی ہوسکتی ہے، ترجمان تنظیم برائے حیوانی تحفظ(فوٹو، ٹوئٹر)

اٹلی کے دارالحکومت میں سال نو کے موقعے پر سیکڑوں پرندوں کی پُر اسرار موت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روم کی سڑکوں پر سیکڑوں پرندے بے حس و حرکت پڑے ہیں، ان پرندوں کی موت ہوچکی ہے۔ مرنے والے پرندوں میں چھوٹی چڑیا کی اکثریت ہے۔

اس منظر کی فلم بندی کرنے والا شخص ویڈیو میں تبصرہ کررہا ہے کہ ''یہ انسانی فطرت کا ناگوار پہلو ہے۔ آتش بازی نے سیکڑوں پرندوں کی جان لے لی۔ یقین نہیں آتا، بہت دل شکن منظر ہے۔''

اتنی بڑی تعداد میں پرندوں کی ایک ساتھ موت کے سبب کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم حیوانات کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیم (او آئی پی اے) کا کہنا ہے کہ بظاہر یہی لگتا ہے کہ آتش بازی اس علاقے کے آس پاس کی گئی جہاں درختوں میں ان پرندوں کے گھونسلے ہوں گے۔



تنظیم کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ممکن ہے ان پرندوں کی موت خوف کی وجہ سے ہوئی ہو۔ تیز دھماکے کی آواز سے یہ ایک ساتھ ڈر کر اُڑے ہوں اور بد حواسی میں یہ ایک دوسرے سے یا عمارتوں اور کھمبوں وغیرہ سے ٹکرا گئے جس کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی اور اس امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا کہ دل کا دورہ ان کی موت کا باعث بنا ہو ۔''

ان کا کہنا تھا کہ آتش بازی جنگلی اور گھریلو پالتو حیوانات دونوں کے لیے شدید دباؤ اور خوف زدہ کرنے کا باعث بنتی ہے۔

واضح رہے کہ روم میں نجی سطح پر آتش بازی پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے خاطر میں نہیں لایا گیا اور ممکنہ طور پر اسی آتش بازی کے باعث سیکڑوں پرندے جان سے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں