کورونا وبا مزید 1895 افراد میں وائرس کی تشخیص 39 جاں بحق

ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 10350 ہوگئی، 2 ہزار 242 کی حالت تشویشناک

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے فوٹو: فائل

ملک بھر میں مزید ایک ہزار 895 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 39 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھرمیں 24 گھنٹے کے دوران مجموعی طور پر 30 ہزار 139 کوویڈ 19 ٹیسٹ کئے گئے۔ اس طرح اس وبا کی تشخیص کے لئے ہونے والے ٹیسٹس کی تعداد 68 لاکھ 49 ہزار 867 ہوگئی ہے۔

مزید 1895 افراد میں کورونا کی تشخیص

پاکستان میں مزید ایک ہزار 895 افراد متاثر ہو گئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 5.92 فیصد ہوگئی ہے۔

کہاں کتنے مریض

این سی او سی کے مطابق سندھ میں اب تک 2 لاکھ 18 ہزار 597 افراد میں کورونا کے مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔ پنجاب میں ایک لاکھ 40 ہزار 714، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 484، اسلام آباد میں 38 ہزار 263، بلوچستان میں 18 ہزار 247، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 357 اور گلگت بلتستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 4 ہزار 867 ہوگئی ہے۔

مزید 1797 مریض صحتیاب

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ایک ہزار 797 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے، جس کے بعد اس وبا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 42 ہزار 457 ہوگئی ہے۔

جاں بحق افراد کی تعداد 10350 ہوگئی


گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 39 مصدقہ مریض جاں بحق ہوگئے ہیں، جس کے بعد اس وبا سے لقمہ اجل بننے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 350 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں جانی نقصان سب سے زیادہ

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے لیکن اس وبا سے سب سے زیادہ جانی نقصان پنجاب میں ہوا ہے، جہاں 4 ہزار 124 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 3 ہزار 611، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 675، اسلام آباد میں 428، گلگت بلتستان میں 101، بلوچستان میں 185 اور آزاد کشمیر میں 226 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

فعال مریضوں کی تعداد

این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 35 ہزار 722 ہے، جن میں سے 2 ہزار 242 کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پا نی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔
Load Next Story