فنڈزکی کمی پنجاب کے چڑیاگھروں کوخوراک کی سپلائی بند ہونے کا خدشہ

ٹھیکداروں کوواجبات کی ادائیگی کے لئے فوری طورپر 8 کروڑ روپے درکار ہیں، وائلڈلائف حکام


آصف محمود/ January 04, 2021
لاہور چڑیا گھر کے علاوہ ایک ماہ کا خرچہ ڈیڑھ سے پونے دوکروڑ روپے ہے۔ فوٹو:فائل

ٹھیکداروں نے گزشتہ کئی ماہ سے واجبات کی عدم ادائیگی پر راشن کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

پنجاب کے چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکوں میں جانوروں اور پرندوں کے لئے راشن سپلائی کرنے والے ٹھیکداروں نے گزشتہ کئی ماہ سے واجبات کی عدم ادائیگی پر راشن کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے، لاہورچڑیا گھرکےعلاوہ پنجاب کے دیگروائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں کو راشن کی فراہمی کے لیے فوری طور پر 8 کروڑ روپے درکارہیں۔

پنجاب وائلڈ لائف کے زیرانتطام اس وقت صوبے میں چار بڑے چڑیا گھرجب کہ 16 وائلڈ لائف پارک ہیں، جن میں 10 ہزار سے زائد جنگلی جانوراور پرندے موجود ہیں۔ لاہورچڑیا گھرخود مختارہے لیکن اسے بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے، تاہم اس وقت لاہور چڑیا گھر اپنے ریزروفنڈز سے راشن کی خریداری کررہا ہے، جب کہ دیگر چڑیا گھرجن میں لاہورسفاری زو، بہاولپورچڑیا گھر اورڈیرہ غازیخان چڑیا گھرشامل ہیں، ان کو راشن کے فنڈز فنانس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے دیئے جاتے ہیں، کوویڈ 19 کی وجہ سے جب چڑیا گھراور پارک بند کئے گئے اس وقت سے پنجاب فنانس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پنجاب وائلڈلائف کو فنڈزریلیزنہیں ہوسکے ہیں۔

پنجاب وائلڈ لائف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فنڈز کے حوالے سے فنانس ڈیپارٹمنٹ کوابتک متعدد سمریاں اور درخواستیں بھیجی جاچکی ہیں لیکن ابھی تک فنڈزنہیں مل سکے، جانوروں اور پرندوں کے لئے راشن سپلائی کرنے والے ٹھیکداروں نے بھی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دی ہے، اگر راشن کی سپلائی بند ہوگئی تو محکمے کے پاس چڑیاگھروں میں موجود جانوروں اور پرندوں کو راشن سپلائی کرنے کے لئے کوئی متبادل انتظام ہے اورنہ ہی فنڈزموجود ہیں، ٹھیکداروں کوواجبات کی ادائیگی کے لئے فوری طورپر 8 کروڑ روپے درکارہیں، لاہور چڑیا گھر کے علاوہ ایک ماہ کا خرچہ ڈیڑھ سے پونے دوکروڑ روپے ہے۔

لاہورسے تعلق رکھنے والے ایک ٹھیکیدارشفت علی بٹ نے بتایا کہ وہ وائلڈ لائف پارک جلومیں راشن سپلائی کرتے ہیں، ان کے ڈیڑھ کروڑ روپے کے واجبات ہیں، گزشتہ سال جولائی سے لے کر اب تک انہیں کوئی ادائیگی نہیں ہوسکی ہے، پنجاب کے مختلف چڑیاگھروں اوروائلڈلائف پارکوں میں راشن سپلائی کرنیوالے ٹھیکداروں نے سپلائی بندکرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہمیں بے زبان جانوروں کا خیال آجاتا ہے کہ وہ بھوکے مرجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |