بچی کوغیر اخلاقی تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والا قاری جیل منتقل

گرفتار ملزم قاری عبدالقدیم بچی کو پڑھانے گھر آتا تھا۔


کورٹ رپورٹر January 04, 2021
گرفتار ملزم قاری عبدالقدیم بچی کو پڑھانے گھر آتا تھا۔

مقامی عدالت نے 13 سالہ بچی کو حراساں کرنے اور غیر اخلاقی تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے کے مقدمے میں ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کے روبرو 13 سالہ بچی کو حراساں کرنے اور غیر اخلاقی تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ریمانڈ مکمل ہونے پر ایف آئی اے سائبر کرائم نے ملزم قاری عبدالقدیم کو عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے ریمانڈ رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش مکمل کرلی ہے، مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ملزم عبد القدیم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم قاری عبدالقدیم بچی کو پڑھانے گھر آتا تھا۔ ملزم بچی کو حراساں کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے ساتھ غیر اخلاقی حرکتیں کیا کرتا تھا اور موبائل فون میں متاثرہ لڑکی کی تصاویر بھی بناتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکی کو غیر اخلاقی تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم کرونا وائرس کی بنا پر کئی ماہ سے بچی کو آن لائن کلاسز کے ذریعے پڑھاتا تھا۔ وہ بچی کو غیر اخلاقی تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرکے پیسوں کا تقاضہ کر رہا تھا۔ اس نے بچی کی تصاویریں اس کی والدہ کو بھیجیں اور رقم مانگی۔ رقم نہ دینے پر بچی کی تصاویریں سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

خاتون کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے فوری کارروائی کی اور ملزم کو گلشن اقبال سے گرفتار کیا۔ ملزم کے موبائل سے متاثرہ بچی کی کئی تصاویر بھی ملیں ہیں۔ اس کیخلاف سائبر کرائم سرکل میں مقدمہ نمبر 1/2021 درج کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں