کراچی میں آن لائن فوڈ سپلائی کی آڑ میں شہریوں کو لوٹنے والا ڈاکو گرفتار

گرفتار ملزم کا دوران تفتیش 21 وارداتوں کا اعتراف


Staff Reporter January 05, 2021
گرفتار ملزم کا دوران تفتیش 21 وارداتوں کا اعتراف

فیروزآباد پولیس نے طارق روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فوڈ سپلائی چین کی آڑمیں شہریوں کو لوٹنے والے ڈاکو کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔

فیروز آباد پولیس نے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 طارق روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فوڈ سپلائی چین کی آڑ میں شہریوں کو لوٹنے والے ملزم عبدالرؤف کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔

ایس ایچ او فیروز آباد اورنگزیب خٹک نے بتایاکہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش 21 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، وہ شہری سعید اللہ سے اسلحے کے زور پر15ہزار روپے لوٹ کرفرارہو رہا تھا کہ شہری نے شور مچا دیا جس پر اہل محلہ نے ملزم کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتارملزم نے اعتراف کیا جب اس کے پاس فوڈ سپلائی کرنے کےلیے کسی شہری کی لوکیشن آتی ہے تو وہ اس شہری کے گھر کے قریب جا کر اسے موبائل فون پر کال کرتا ہے، اگر شہری اسے گھر میں بلا لے تواسے گھر میں اسلحے کے زور پر لوٹ لیتا ہے یا شہری گھر کے گیٹ پر آتا ہے تو اسے گیٹ پر لوٹتا ہے، وہ گزشتہ 10 ماہ سے نجی آن لائن فوڈ سپلائی چین کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

پولیس نے متاثرہ شہری سعید اللہ کی مدعیت میں گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 2021/8 درج کر کے تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں