ڈکیتی میں مزاحمت پر سندھ مدرسہ کے بانی حسن آفندی کے پوتے زین آفندی قتل

ڈاکو دروازہ توڑ کر زین حسن آفندی کے بیڈروم میں داخل ہوئے، پولیس حکام


Staff Reporter January 06, 2021
زین حسن آفندی کو بدھ کی صبح بنگلے میں داخل ہو کر قتل کیا گیا تھا، پولیس حکام۔ فوٹو:فائل

مزار قائد کے قریب بنگلے میں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت پر سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین حسن آفندی کو قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں نے ایک شہری کی جان لے لی جبکہ علیحدہ واقعے میں نوجوان کو زخمی کردیا، دونوں واقعات گھروں کے اندر پیش آئے.

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب صبح 3 بجکر 55 منٹ پر مزار قائد کے قریب زین حسن آفندی کے بنگلے کے اندر مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور 35 منٹ تک گھر میں رہے، اس دوران انہوں نے گھر کے ملازمین کو باندھ کر لوٹ مار کی۔

پولیس کے مطابق ڈاکو دروازہ توڑ کر زین حسن آفندی کے بیڈروم میں داخل ہوئے، اور مزاحمت پر ڈاکوئوں نے ان پر فائرنگ کردی، ایک گولی ان کے سر پر گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت گھر میں زین آفندی کے اہلخانہ اور ملازمین موجود تھے، ڈاکوؤں نے گھر میں مجموعی طور پر 6 فائر کیے، اور واردات میں 2 موبائل فونز و طلائی زیوارات لوٹے گئے۔ 50 سالہ زین حسن آفندی ولد ذوالفقار حسن آفندی سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے، جب کہ آئی ٹی اور فوڈ کمپنی کے مالک اور دادو کے زمیندار بھی تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔