سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کے لیے امریکا میں 911 طرز کے حملوں کی دھمکی

دھمکی سے متعلق پینٹاگون اور دیگر انٹیلجنس اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے جس پر تحقیقات جاری ہیں


ویب ڈیسک January 07, 2021
دھمکی سے متعلق پینٹاگون اور دیگر انٹیلجنس اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے جس پر تحقیقات جاری ہیں۔ فوٹو : فائل

CAIRO: ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں 9/11 طرز کے حملوں کی دھمکی کے بعد امریکی حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں متعدد ائیر ٹریفک کنٹرولرز کو آڈیو پیغام ملا جس میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے دارالحکومت واشنگٹن میں 9/11 جیسے حملے کرنے کی دھمکی دی گئی، ائیر ٹریفک کنٹرولرز کو موصول آڈیو پیغام میں کہا گیا تھا کہ ''ایک جہاز دارالحکومت واشنگٹن پر آرہا ہے اور قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لیا جائے گا۔''

یہ دھمکی صرف نیو یارک میں ائیر ٹریفک کنٹرولرز کو ہی نہیں ملی بلکہ ایک مسافر طیارہ جو نیو یارک کی جانب رواں تھا اسے بھی اسی طرح کا پیغام موصول ہوا۔

دھمکی ملنے کے بعد امریکی حکام کی دوڑیں لگ گئیں اور دھمکی آمیز آڈیو پیغام کی تحقیقات شروع کردی گئیں، امریکی نیشنل سیکیورٹی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ دھمکی سنگین نہیں تاہم تحقیقات جاری ہیں جب کہ ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ دھمکی آمیز پیغام مشرقی نیویارک کے علاقے میں ایک چھوٹے سے قصبے سے جاری کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : جنرل قاسم سلیمانی کی میت ایران پہنچادی گئی

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 9/11 حملوں کی طرز پر ملنے والی دھمکی سے متعلق پینٹاگون اور دیگر انٹیلجنس اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے جس پر تحقیقات جاری ہیں، امریکی انٹیلجنس ادارے کے اہلکار کا کہنا ہے کہ دھمکی سنگین نہیں لہذا پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر امریکی راکٹ حملے میں قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی مارے گئے تھے جس پر پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا تھا کہ قاسم سلیمانی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پرمستقبل میں ایران کی جانب سے حملوں کو روکنے کے لیے ہلاک کیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : جنرل قاسم سلیمانی کو جنگ روکنے کے لیے ہلاک کیا، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو مارنے کا فیصلہ جنگ روکنے کے لیے کیا اور امریکا کے اقدامات جنگ شروع کرنے کے لیے نہیں ہوتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں