2014ء شوبز انڈسٹری کی ترقی کا سال ہوگا فنکار
زندگی میں کامیابیاں انہی لوگوں کوملتی ہیں جو اس کیلئے شب وروز محنت اورنیک نیتی سے کام کرتے ہیں۔
شہرت اور بلندیوں تک پہنچنے والے اگرعظیم لوگوں کی زندگیوں بارے اگربات کی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ان لوگوں کو کامیابی ورثہ میں نہیں ملی ۔ ایک بات توطے ہے کہ کامیابیاں حاصل کرنے والے لوگ جب نیک نیتی سے کسی بھی کام کوشروع کرتے ہیں تووہ ایک نہ ایک دن اپنی منزل کوپاہی لیتے ہیں۔ ویسے توزندگی کے مختلف شعبوں میں اس طرح کی بہت سی مثالیں موجود ہیں اوروہی کامیاب لوگ نوجوان نسل کے آئیڈیل بھی بن جاتے ہیں۔ اسی طرح شوبز کی دنیا کی چمک دمک جہاں لوگوں کی توجہ کا مرکزبنتی ہے، وہیں عمدہ کام کرنے والے فنکارنوجوانوں کے آئیڈیل بن جاتے ہیں۔
ایک طرف تولوگ ان کواپنا آئیڈیل بناتے ہوئے ان کے نقش قدم پرچلتے ہیں جبکہ مہان فنکارنت نئے تجربات کرنے اورلوگوںکوانٹرٹین کرنے کی دھن میں کچھ نیا کرتے رہتے ہیں جوسب کیلئے فائدہ مند ثابت ہوتا۔
2014ء کا سورج کل طلوع ہوگا۔ اس حوالے سے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی طرح شوبزسے وابستہ اہم شخصیات بھی بہت پرعزم دکھائی دیتی ہیں۔ نئے سال میں کامیابیاں حاصل کرنے اور سبز حلالی پرچم کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کا جو بیڑہ فنکاربرادری نے اٹھایا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ اس حوالے سے ''نمائندہ ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے ہمارے ملک کے معروف فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ، جوقارئین کی نذرہے۔
صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ شاہدہ منی کہتی ہیں کہ میری زندگی میں آنیوالا ہر نیا دن نئے سال کی مانند ہوتا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں اپنے شعبے میں کچھ ایسا کام کروں جس سے پاک وطن کا نام روشن ہو اور ہمارا سافٹ امیج بھی دنیا تک پہنچ سکے۔ پاک سرزمین بلاشبہ بہت سے مسائل سے دوچارہے ، لیکن اس کے باوجود مجھے پاکستانی ہونے پرفخرہے۔ آج ہمارے ملک کو دہشتگردی، بے روزگاری، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ سمیت دیگرمسائل کا سامنا ہے، لیکن یہ مسائل ایک نہ ایک دن حل ہوجائینگے، میں سمجھتی ہوں کہ بین الاقوامی طاقتیں ہمارے ملک کے بے پناہ باصلاحیت افراد سے خوفزدہ ہیں اوراسی لئے وہ مفاد پرست نہیں چاہتے کہ ہمارا ملک ترقی کرے اور ہمارے مسائل میں کمی آئے لیکن 2014ء کا سال پاکستان کی ترقی کا سال ہے۔ شوبز کی رونقیں بھی بحال ہو جائیں گی۔ ملک کے کونے کونے میں ثقافتی پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا بلکہ دنیا بھرمیں پاکستان کا سافٹ میج پہنچے گا۔
اداکارہ ماہ نور بلوچ نے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری ہمیشہ سے ہی لوگوںکی توجہ کا مرکز رہتی ہے۔ ہمارے ہاں ٹی وی ڈرامہ توملک ہی نہیں بلکہ پڑوسی ملک سمیت دنیا کے دیگرممالک میں اپنی ایک منفرد پہچان رکھتاہے جبکہ میوزک، فیشن کے شعبے بھی کسی سے کم نہیں ہیں، لیکن فلم انڈسٹری گزشتہ ایک دہائی سے بحران کا شکار تھی۔ گزشتہ برس ایک نیا ٹرینڈ فلم انڈسٹری میں دیکھنے کوملا جس کوفلم بینوں نے بہت سراہا۔ بھارتی فلموں کے مقابلے میں پاکستانی فلموں کو اچھارسپانس ملا۔اسی لئے میں نئے سال سے بہت پرامید ہوں کہ ہمارے ملک میں بننے والے جدید سینما گھروں میں فی الحال توبھارتی فلموں کی وجہ سے رونقیں ہیں لیکن اس نئے سال میں یہاں سے بھارتی فلموں کا نام ونشان تک ختم ہوجائے گا۔ ہمارے پاس بہت باصلاحیت رائٹر، ڈائریکٹر اور تکنیک کار ہیں، جوبین الاقوامی معیارکی فلم بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسلئے نیاسال پاکستانی فلم اورسینما کی ترقی کاسال ہوگا۔
اداکار معمر رانا نے کہا کہ میری پہچان پاکستان فلم انڈسٹری سے ہے اور میری ہر دھڑکن فلم انڈسٹری کے ساتھ دھڑکتی ہے۔ بے پناہ مسائل کے باوجود ہمارے ہاں اچھی فلمیں بنتی رہی ہیں اور مجھے امید ہے کہ نیا سال پاکستان فلم انڈسٹری ہی نہیں بلکہ پاکستان میں شوبزانڈسٹری کی بحالی کا سال ہوگا۔ ایک طرف تو معیاری فلمیں بنیں گی تودوسری جانب میوزک کنسرٹس کا بھی انعقاد ہوگا۔ جو موجودہ حالات میں بہت ضروری ہے۔ مجھے نئے سال سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اوران کوپورا کرنے کیلئے ہم دن رات محنت بھی کرینگے۔
اداکارہ میرا نے کہا کہ خواب انہی لوگوں کے پورے ہوتے ہیں جوخواب دیکھتے ہیں۔ 2014ء میں ہم لوگ اگر اپنے خوابوں کوحقیقت میں بدلنا چاہتے ہیں توہمیں اس کیلئے نیک نیتی کے ساتھ دن رات کام کرنا ہوگا۔ میں چاہتی ہوں کہ اس سال میں اپنے فلاحی ہسپتال کی تعمیر کا آغاز کروں اوراب میری تمام ترتوجہ اسی نیک کام پرمرکوز ہے۔ جہاں تک بات شوبز کی ہے تواچھی اور معیاری فلموں کا آغاز ہوچکا ہے اورنئے سال میں اس طرح کے متعدد پراجیکٹس جب سینما گھروں کی زینت بنیں گے تو پاکستان فلم اورسینما انڈسٹری کواچھارسپانس ملے گا۔ جس کیلئے میں دعاگو بھی ہوں۔
اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ شوبز کا شعبہ دنیا کا واحد شعبہ ہے جس کی وجہ سے لوگ انٹرین ہوتے ہیں۔ بے پناہ مسائل میں گھرے لوگ جب کوئی اچھا گیت سنتے ہیں یا فلم اورڈرامہ دیکھتے ہیں تو ان کے اداس چہروں پر مسکراہٹ آجاتی ہے۔ نئے سال میں بھی ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے ڈراموں اور فلموں کے ذریعے لوگوں میں خوشیاں بانٹنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔
اداکار شان نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری نے جدید دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔ وسائل کی انتہائی کمی کے باوجود نوجوانوں نے اب فلم انڈسٹری کی باگ دوڑ سنبھال لی ہے۔ اس لئے مجھے پاکستان فلم انڈسٹری کا مستقبل بہت روشن دکھائی دیتا ہے۔ خاص طور پر نیا سال ہمارے لئے بہت سی کامیابیاں لے کرآئے گا۔ اسلئے مجھے نئے سال سے بہت سی توقعات ہیں۔ کل تک جو پاکستان فلم انڈسٹری کو برا بھلا کہتے تھے اب وہی لوگ اس میں کام کرنے پرفخربھی محسوس کرینگے۔
اداکارہ عائشہ خان نے کہا کہ 2014ء میں اپنے شعبے میں گزشتہ برسوں سے بھی بہتر کام کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ زندگی کا ہرنیا دن ایک نیا سبق لے کرآتا ہے اورجو لوگ اس سے سیکھتے ہیں وہی مستقبل کوروشن بناتے ہیں۔ اس لئے میری دعا ہے کہ نیا سال ہمارے لئے بہت سی کامیابیاں اور خوشیاں لے کرآئے اور ہمارا پاک وطن جن مسائل سے دوچارہے، ان کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے۔
اداکارہ نور نے کہا کہ میں نے فلم انڈسٹری میں اپنی نئی اننگز کاآغاز کردیا ہے۔ جس کیلئے میں نے بہت محنت کی ہے اورمجھے امید ہے کہ اس کے نئے سال میں بہترین نتائج آئینگے۔ میری دوفلمیں نمائش کیلئے پیش کی جائینگی اور اس کے علاوہ بھی بہت سی معیاری فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔ اس لئے مجھے امید ہے کہ آنیوالا نیا سال پاکستان فلم، ٹی وی، تھیٹر، میوزک اورفیشن انڈسٹری کی ترقی کاسال ہوگا۔ اس سال ہم جہاں بہت سی کامیابیاں حاصل کرینگے ، وہیں پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں متعارف کروانا بھی ہمارامشن ہوگا۔
اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ ہمیں ماضی میں ہونیوال غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔ ہم نے جو جوغلطیاں پہلے کی ہیں اب ان کودھرانے کی بجائے ہمیں اپنے آپسی اختلافات کوبھلاکرشوبز انڈسٹری اورملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہم لوگ پہلے ہی اپنے اختلافات کی وجہ سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ اس لئے ہمیں نئے سال کے آغاز پریہ عزم کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کوایک کامیاب ملک بنائینگے۔ مجھے پاکستانی ہونے پر ہمیشہ فخر رہے گا لیکن ہم اب اس کو ایک ایسا مثالی ملک بنائینگے جس پر دنیا والے بھی رشک کرسکیں۔ اس لئے میں تو بہت پرعزم اورمیں چاہتا ہوں کہ تمام پاکستانی اسی جوش وجذبے کے ساتھ اگرکام کرینگے تو یہ بات حقیقت بننے میں کچھ زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
اداکارہ بہار بیگم نے کہا کہ میں نے اپنی تمام عمر فلم انڈسٹری کیلئے وقف کردی ہے۔ میں نے چار دہائیوں سے زائد عرصہ کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری میں بہت سے اتارچڑھاؤ دیکھے۔ سُنہرے دور کی بات کریں یا بحرانی صورتحال کی۔ لیکن ثابت قدمی کے ساتھ اپنے کام کے ساتھ جڑے رہے۔ میں نے نیک نیتی کے ساتھ اپنا کام کیا اور کررہی ہوں۔ آج اگربرا وقت ہے توکل ضرور اچھا وقت بھی آئے گا۔ ہمیں کسی بھی لمحے مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ اس لئے میں نوجوانوں کوبھی یہی پیغام دونگی کہ وہ مایوس ہونے کی بجائے بہتر کام کریں۔
ہدایتکار سید نور اور اداکارہ صائمہ نے کہا کہ 2014ء پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی کا سال ہے۔ ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ اپنے کام کے ذریعے اپنے شعبے کا ہی نہیں بلکہ ملک کا نام روشن کریں۔ کم وسائل کے باوجود ہم اچھا کام کررہے ہیں اورہمیں امید ہے کہ نئے سال میں حکومت بھی ہمارے شعبے کی بہتری اوربحالی پرتوجہ دے گی۔ اگر ایسا ہوا تو ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم دنیا کو بتادیں گے کہ ہم زندہ قوم ہیں اور ہم صرف اور صرف پیار، محبت اورامن کے سفیر ہیں۔ شرپسندعناصر جتنی چاہے کوشش کرلیں لیکن وہ پاک وطن کو بدنام نہیں کرسکتے۔ نئے سال کی آمد کے موقع پر پوری قوم کومتحد ہوکرایک طرف تو اپنے بہترین کام سے ملک کی ترقی میں اپنا کرداراداکرنے کا وعدہ کرنا ہوگا اور اس کے ساتھ دہشتگردی اورلوڈ شیڈنگ جیسے مسائل کے خاتمہ میں بھی حکومت کے ساتھ دینا ہوگا۔ جب ہم سب ایک ہوجائیں گے تومسائل خود بخود کم ہوجائیں گے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ پاک ہمارے ملک کو ترقی دے اوراس کو امن کا گہوارا بنادے۔