عالمی ریکارڈ کا خواہشمند جرمن جوڑا بھارتی ہٹ دھرمی سے پاکستان میں پھنس گیا

جرمن جوڑا اپنی گاڑی پر ورلڈ ٹور پر ہے، پیسے ختم ہونے پر جوڑے نے کسٹم ہاﺅس کی دیوار کے ساتھ پڑاؤ ڈالا ہوا ہے

جرمن جوڑا اپنی گاڑی پر ورلڈ ٹور پر ہے، پیسے ختم ہونے پر جوڑے نے کسٹم ہاﺅس کی دیوار کے ساتھ پڑاؤ ڈالا ہوا ہے (فوٹو : ایکسپریس)

بھارتی ہٹ دھرمی جرمن جوڑے کی گاڑی پر عالمی ریکارڈ بنانے کی راہ میں رکاوٹ بن گئی۔

واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام نے جوڑے کو بھارت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جس کے نتیجے میں جرمن جوڑا مزید عالمی سفر جاری رکھنے سے قاصر ہو گیا اور لاہور کے ایک فٹ پاتھ پر ڈیرے ڈال لیے۔

کسٹم ہاﺅس لاہور کی دیوار کے ساتھ نیلے رنگ کی کھڑی یہ گاڑی جرمن جوڑے کی ہے، گاڑی میں کھانے پینے اور پہننے کا پورا انتظام ہے، عارضی سیڑھی لگا کر گاڑی کی چھت پر سونے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔



جرمن جوڑا اپنی گاڑی پر ورلڈ ٹور پر ہے، دنیا کے مختلف ممالک سے ہوتا ہوا یہ جوڑا جب لاہور سے براستہ واہگہ بارڈر بھارت جانے کے لیے پہنچا تو کوویڈ 19 کو جواز بنا کر بھارتی حکام نے ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا۔




ناکامی پر جوڑے نے نابھا روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں پناہ لی، پیسے ختم ہونے پر اس جوڑے نے کسٹم ہاﺅس کی دیوار کے ساتھ بنے فٹ پاتھ کے ساتھ اپنی گاڑی کو کھڑی کر کے اسے اپنی پناہ گاہ بنالیا، مہمان جوڑے کے ساتھ ایک کتا بھی موجود ہے جسے فٹ پاتھ پر ایک پنجرے میں بند کیا گیا ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں یہ جوڑا اسی فٹ پاتھ پر سلنڈر نما عارضی چولہے پر کھانا بھی بناتا ہے۔



 

نابھا روڈ کے تاجروں اور دکان داروں کا کہنا ہے کہ جرمن جوڑا ورلڈ ٹور پر ہے، بھارت کی طرف سے اپنے ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے پانچ، چھ ماہ سے گاڑی میں ہی رہ رہا ہے، انسانی ہمدردی کے تحت گاہے بگاہے اس جوڑے کی مدد کرتے رہتے ہیں۔



لوگوں کے مطابق جرمن جوڑا کسی بھی طرح کا بیان دینے سے انکاری ہے تاہم مہمان ٹورسٹ کا اتنا ضرور کہنا ہے اگر آپ نے ہماری مدد ہی کرنی ہے تو بھارت سے کہیں کہ ہمیں اپنے ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دے۔
Load Next Story