احتجاجی دھرنے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر

پی آئی اے سمیت نجی ملکی ایئرلائنز اورغیرملکی ایئرلائنز کی درجنوں پروازیں منسوخ


Staff Reporter January 08, 2021
مسافر زحمت سے بچنے کے لیے کال سینٹرسے فلائٹس کی معلومات حاصل کریں، ترجمان پی آئی اے ۔ فوٹو : فائل

شہر میں احتجاجی دھرنے کی وجہ سے چوتھے روز پی آئی اے سمیت دیگر ایئرلائنوں کی درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور متعدد پروازیں غیریقینی صورتحال کے سبب منسوخ کردی گئیں۔

احتجاجی دھرنے کی وجہ سے کراچی سمیت ملک بھر کے ہوائیں اڈوں پر فضائی آپریشن بری طرح سے متاثررہا جس کے دوران پی آئی اے سمیت نجی ملکی ایئرلائنوں کی پروازوں کے علاوہ غیرملکی ایئرلائنوں کی درجنوں پروازوں میں کئی کئی گھنٹے تاخیرہوئی جب کہ متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق مسافروں کے ساتھ ایئرلائنز کے فضائی عملے (کاک پٹ اورکیبن کریو) کو بھی ہوائی اڈوں پرجانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ ذرائع کے مطابق غیرملکی ایئرلائنز کی کراچی سے بنکاک، دبئی، شارجہ، دمام، کویت اور کولمبو کی21 پروازیں منسوخ کی گئیں، پی آئی اے کی کراچی سے لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد کی دوطرفہ 8پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق قومی ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے پروازوں کی روانگی کو ممکن بنانےکے لیے جناح ٹرمینل کے اطراف میں رہنے والے فضائی عملے کوطلب کیا گیا، ملیر، شاہ فیصل کالونی، جناح گارڈن میں مقیم عملے کی پروازوں کی روانگی کے لیے خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئیں، جمعے کی شام کوکراچی سے اسلام آباد کی پروازیں چندگھنٹے تاخیر کے بعد روانہ کردی گئیں، اس کے علاوہ پی آئی اے کی پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ ہورہی ہیں۔

ترجمان کے مطابق مسافر گھر سے ایئرپورٹ کے لیے روانگی سے قبل کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیے کال سینٹرسے فلائٹس کی معلومات حاصل کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں