بد امنی کے باوجود شہرمیں سال بھر ثقافتی سرگرمیاں عروج پر رہیں

شہر میں کئی اسٹیج ڈرامے، میوزیکل پروگرام، فیملی فیسٹیول اور فلمیں کامیابی سے پیش کی گئیں،فلمی صنعت کی سرگرمیاں تیزرہیں

ایکسپریس فیملی فیسٹیول نے کامیابی کی تاریخ رقم کی،کمرشل تھیٹرڈرامے ناکام رہے،پی ٹی وی نے ساحل پرثقافتی پروگرام منعقدکیا فوٹو : محمد نعمان/ ایکسپریس

شہر میں سال رواں 2013 میں امن امان کی صورتحال بدترین رہی، ناقص امن سے شہر کی صنعتی ، تجارتی اور دیگر سرگرمیاں سست روی کا شکار رہیں لیکن خوف اور دہشت کے اس ماحول میں تفریح کے لیے ترسے شہریوں نے بدامنی سے خوفزدہ ہونے کے بجائے ثقافتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

سال رواں کے دوران شہر میں کئی یادگار اسٹیج ڈرامے میوزیکل پروگرام، فیملی فیسٹیول اور فلمیں کامیابی سے پیش کی گئیں یہ سال اس لحاظ سے بہترین رہا کہ طویل عرصے کے بعد کراچی میں فلمی صنعت کی سرگرمیاں عروج پر نظر آئیں اس سال18پاکستانی فلمیں سینماؤں پر نمائش کے لیے پیش کی گئیں ان میں6 اردو 5 پنجابی اور8 پشتو فلمیں شامل ہیں، اردو فلموں میںچنبیلی، لمحے، زندہ بھاگ، وار، میں شاہد آفریدی ہوںاور دل پرائے دیس میں، پنجابی فلموں میں عشق خدا، شرابی، بھولا اشتہاری،سپر گرل اورنو ٹینشن جبکہ پشتو فلموں میں لواسٹوری، مئیہ خو، خوار، سرکار، زما ارمان، لوفر، شرط، قربانی، ضدی پختون، شیر خان اور مست ملنگ قابل ذکر ہیں، پاکستانی سینما گھروں میں رواں سال48 بھارتی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ان میں سے صرف8 فلمیں کامیاب ہوسکیں، کراچی میں2013 کے دوران 8 نئے منی سینما گھر قائم ہوئے اور یوں شہر میں سال رواں کے دوران ایک درجن سے زائد نئے سینما گھروں کا اضافہ ہوگیا۔

کراچی کے شہریوں نے بھارتی فلموں کو مسترد کرکے پاکستانی فلموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، سال رواں شہر میں تھیٹر کے حوالے سےبھی کامیاب رہا، نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ (ناپا) نے تھیٹر کے فروغ اور ترقی میں زبردست کردار ادا کیا اس ادارے کے تحت سال میں7 اسٹیج ڈرامے کامیابی سے پیش کیے گئے پہلی مرتبہ تمام ڈرامے نئے آڈیٹوریم میں پیش کیے گئے ان ڈراموں میںکورٹ مارشل، گوڈو کا انتظار، کملا، اسٹیمنپ، منٹوراما اور 4 روزہ ڈرامہ فیسٹول شامل ہیں، ناپا کی جانب سے4 غیر ملکی میوزیکل بینڈز کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ۔




جس میں امریکا، جرمنی،کینیڈا اور برطانیہ کے گلوکاروں نے پاکستان میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، آرٹس کونسل کراچی کے تھیٹر آڈیٹوریم میں ملک کے ممتاز ڈرامہ نگار انور مقصود نے اپنے اسٹیج ڈراموں سے جو میلہ سجایا وہ پورے سال جاری رہا انور مقصود کے کھیل سوا14اگست پونے14اگست، آنگن ٹیڑھا اور ہاف پلیٹ نے شاندار کامیابی حاصل کی جبکہ عوامی کمرشل تھیٹر ڈرامے امسال زیادہ کامیابی حاصل نہ کرسکے، عیدالفطر اور قید قربان پر تھیٹر ڈرامے ضرور پیش کیے گئے لیکن وہ خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکے۔

سال رواں میں ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے منعقدہ 2 روزہ ایکسپریس فیملی فیسٹیول نے نئی تاریخ رقم کی اس فیسٹول میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے ثابت کیا کہ وہ بدامنی سے خوف زدہ نہیں فیسٹیول میں نامور گلوکاروں فاخر، جواد احمد، علی حیدر اور شازیہ خشک نے گلوکاری سے شہریوں کے دل جیت لیے،رواں سال شہر میں اسٹیج ڈراموں کے ساتھ میوزیکل کنسرٹ بھی عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے، پی ٹی وی نے طویل عرصے بعد ساحل سمندر پر خوبصورت پروگرام پیش کرکے شہر کی رونقوں میں اضافہ کیا مجموعی طور پر سال رواں کے شہر میں ثقافتی سرگرمیاں عروج پر رہیں۔
Load Next Story