جنوبی افریقی ٹیم کو سرکاری مہمان کا درجہ حاصل

کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کی فول پروف سیکیورٹی کیلیے پلان تیار


Sports Reporter January 09, 2021
کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کی فول پروف سیکیورٹی کیلیے پلان تیار۔فوٹو: فائل

QUETTA: جنوبی افریقی ٹیم کو پاکستان میں سرکاری مہمان کا درجہ حاصل ہوگا جب کہ کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کی فول پروف سیکیورٹی کیلیے پلان تیار کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے، وزیراعظم نے اس کی منظوری دی تھی، نوٹی فکیشن میں وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو سرکاری مہمانوں کیلیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی، وزرات داخلہ نے مہمان کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کی فول پروف سیکورٹی کیلیے پلان تیار کرلیا ہے،میچز کے دوران 500 رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے، ہوٹل سے گراؤنڈ تک پولیس اور اے ٹی سی کی خدمات لی گئی ہیں۔

وزارت داخلہ نے واضح ہدایت کی ہے کہ کھلاڑیوں کے حفاظتی اقدامات میں کوئی کمی نہ رہ جائے، بائیو سیکیورٹی کا پلان بھی تیار کرلیا گیا،مہمان کھلاڑی ایک کورونا ٹیسٹ منفی ہونے کے بعد خصوصی پرواز سے کراچی پہنچیں گے،یہاں مزید 2 بار جانچ ہوگی،کلیئرنس پر ٹریننگ کی اجازت دے دی جائے گی۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ نے دورئہ پاکستان کے لیے 21رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا،قیادت کوئنٹن ڈی کک کے سپرد ہوگی، دیگر کھلاڑیوں میں ٹمبا باووما، ایڈن مارکرم، فاف ڈوپلیسی، ڈین ایلگر،کاگیسو ربادا، ڈوین پریٹوریس، کیشومہاراج، لنگی نجیدی، راسی وان ڈر ڈوسن، اینرچ نورجی، ویان ملڈر، لتھو سمپالا، بیورن ہینڈرکس، کائل ورین، سائرل اروی، کیگان پیٹرسن، تبریز شمسی، جارج لینڈے، ڈیبیو کے منتظر ڈرائن ڈوپاویلون اور اوٹنیئل بارٹمین شامل ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ،3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، مہمان ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی، پہلا ٹیسٹ میچ 26 جنوری کو کراچی، دوسرا 4فروری کو راولپنڈی میں شروع ہوگا،پہلا ٹی ٹوئنٹی11، دوسرا 13، تیسرا 14فروری کو لاہور میں شیڈول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔