معروف کاروباری شخصیت سیٹھ عابد انتقال کرگئے

سیٹھ عابد کی ملکی تحفظ و سالمیت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، چوہدری شجاعت حسین


ویب ڈیسک January 09, 2021
سیٹھ عابد کی ملکی تحفظ و سالمیت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، چوہدری شجاعت حسین(فوٹو، انٹرنیٹ)

ملک کے معروف صنعت کار اور کاروباری شخصیت سیٹھ عابد حسین انتقال کرگئے۔

اطلاعات کے مطابق سیٹھ عابد حسین 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ہفتے کو کراچی میں ان کی تدفین کردی گئی۔ سیٹھ عابد حسین کا تعلق قصور سے تھے اور ان کے والد کراچی صرافہ مارکیٹ میں ایک جانی مانی شخصیت تھے۔ ماضی میں سیٹھ عابد کا شمار پاکستان کے امیر ترین افراد میں ہوتا تھا اور مختلف حوالوں سے عوامی حلقوں میں ان کی شخصیت کا چرچا رہا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے معروف کاروباری شخصیت سیٹھ عابد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہوں گے کہ سیٹھ عابد کی پاکستان کے تحفظ و سالمیت کیلئے بہت سی خدمات ہیں۔ میں ذاتی طور پر جانتا ہوں کہ سیٹھ عابد نے جو قومی خدمات ادا کیں وہ بہت ہی کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیٹھ عابد کی ملکی تحفظ و سالمیت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سیٹھ عابد کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے لواحقین و صبر جمیل عطا فرمائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔