سلامتی کونسل بھارت انسداد دہشت گردی کمیٹی کا صدر نامزد

طالبان پر پابندیوں اور لیبیا پر پابندیوں سے متعلق کمیٹی کی صدارت کا بھی کہا گیا


Monitoring Desk January 10, 2021
دہشتگردوں کی اعانت کرنے والوں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملے گی،بھارتی نمائندہ۔ فوٹو، فائل

بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کا صدر نامزد ہوگیا ہے۔

سلامتی کونسل کے قیام کے بعد یہ آٹھواں موقع ہے جب بھارت کو دوسالہ غیر مستقل رکنیت حاصل ہوئی ہے۔ پاکستان اب تک سات مرتبہ غیر مستقل رکن رہ چکا ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے ٹی ایس تریمورتی نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ بھارت کو سلامتی کونسل کی تین اہم کمیٹیوں کی صدارت کرنے کے لیے کہا گیا ہے، ان میں طالبان پر پابندیوں سے متعلق کمیٹی، انسداد دہشت گردی کمیٹی اور لیبیا پر پابندیوں سے متعلق کمیٹی شامل ہیں۔

بھارتی نمائندے نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جاری امن مذاکرات کے پس منظر میں طالبان کمیٹی کی صدارت کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

ٹی ایس تریمورتی کا کہنا تھا اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے نے پاکستان کا نام نہ لیا تاہم کہا کہ اس مرحلے میں اس کمیٹی کی صدارت سے ہمیں دہشت گردوں، ان کی اعانت کرنے والوں اور افغانستان میں امن کوششوں کو نقصان پہنچانے والوں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملے گی۔ ہمارا یہ دیرینہ موقف ہے کہ امن کی کوششوں اور تشدد ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔