کراچی میں سردی کی لہر مزید 5 تا 6 روز برقرار رہنے کا امکان

17 جنوری کے بعد موسم معتدل ہونا شروع ہوگا، اتوار کو کم سے کم پارہ 6.1 ڈگری ریکارڈ


Staff Reporter January 10, 2021
17 جنوری کے بعد موسم معتدل ہونا شروع ہوگا، اتوار کو کم سے کم پارہ 6.1 ڈگری ریکارڈ (فوٹو : فائل)

شہر میں سردی کی لہر رواں ہفتے بھی جاری رہ سکتی ہے، 17 جنوری کے بعد موسم معتدل ہونا شروع ہوگا، اتوار کو کم سے کم پارہ 6.1 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی سردار سرفراز کے مطابق شہر میں سردی کی موجودہ لہر مزید 5 سے 6 دن برقرار رہ سکتی ہے، اس دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سردی میں بتدریج کمی اور درجہ حرارت میں اضافہ 17 جنوری سے ہونا شروع ہوگا، بلوچستان کی شمالی اور شمال مشرقی ہواؤں کے شہر پر اثرات کم ہونے کے بعد مطلع متوازن رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق توار کو شہر کا کم سے کم پارہ 6.1 اور زیادہ سے زیادہ 25.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ صبح کے وقت نمی کا تناسب 46 اور شام کو 10 فیصد رہا، بلوچستان کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 20 کلومیٹرفی گھنٹہ رہی، اتوار کو کئی روز بعد شہر کی فضاوں پر دھند نہیں چھائی جس کے سبب حد نگاہ معمول سے بھی زیادہ رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، کم سے کم درجہ حرارت 6 سے 8 اور زیادہ سے زیادہ 22 سے 24 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں