نئے معرکے کیلیے فرنچائزز کے بلند عزائم ظاہر

حسن کی خدمات سے فائدہ اٹھائیں گے(شاداب)اچھا کمبی نیشن بن گیا،وہاب

راشد ٹرمپ کارڈ ہیں (عاطف)گیل کے آنے سے اسکواڈبہتر ہوگیا، معین

پی ایس ایل کی فرنچائزز نے نئے معرکے کیلیے بلند عزائم ظاہر کردیے،اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان، حسن علی اور ایلکس ہیلز کی مدد سے حریفوں پر دھاک بٹھانے کے خواہاں ہیں،پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے کہا کہ اچھا کمبی نیشن بن گیا،ملتان سلطانز کے معاون کوچ مشتاق احمد نے کہا کہ 3لیگ اسپنرز کا فائدہ اٹھائیں گے، لاہور قلندرز نے راشد خان کو ٹرمپ کارڈ قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل ڈرافٹ کے موقع پر فرنچائزز نے نئے ایڈیشن میں عمدہ کارکردگی کا عزم کیا ہے، اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ حسن علی بھرپور ردھم میں ہیں، ہم ان کی صلاحیتوں کا فائدہ اٹھائیں گے، ان کے ساتھ بیٹنگ میں بھی لطف آئے گا، گذشتہ سیزن میں بولنگ کمبی نیشن بہتر نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کی ہے،انھوں نے کہا کہ ایلکس ہیلز اس وقت دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی اوپنر ہیں۔


اس لیے انھیں ٹیم میں شامل کیا، اچھی بات ہے کہ پی ایس ایل میں بھی اس بار راشد خان، مجیب الرحمان اورعثمان قادر ایک ساتھ مختلف ٹیموں کی جانب سے ایکشن میں ہوں گے۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ ہم نے اچھا کمبی نیشن بنالیا، ٹاپ آرڈر میں مقامی کرکٹرزکو ترجیح دی، لوئر آرڈر میں غیرملکیوں پر بھروسہ کیا، اس بار بہتر کارکردگی پیش کرنے کیلیے پْرعزم ہیں، ملتان سلطانز کے معاون کوچ مشتاق احمد نے کہا کہ کہ لیگ اسپنرز موجودہ کرکٹ میں کامیابی کا ذریعہ بن چکے ہیں، اس لیے ہم نے 3کا انتخاب کیا۔

ہم شاہد آفریدی، عمران طاہر اور عثمان قادر پر انحصار کرتے ہیں، کوشش ہوگی کہ نوجوان اسپنر کو زیادہ موقع دیں، فاسٹ بولنگ میں سہیل خان کو لیا ہے، کرس لین کی موجودگی سے اچھا کمبی نیشن بنانے میں مدد ملے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے معین خان نے کوچ کہا کہ کرس گیل تجربہ کار بیٹسمین ہیں۔

شین واٹسن دستیاب نہیں تھے،گیل کے آنے سے بہتر اسکواڈ بن گیا،پی ایس ایل 6میں اچھی پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو عاطف رانا نے کہا کہ راشد خان ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوں گے، وہ تمام لیگز کے فیورٹ بولرز میں سے ہیں، ان کے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھاکر ہم لاہور قلندرز کو آگے لے کر جائیں گے، ان کے آنے سے ہمارا کمبی نیشن بہتر بنے گا، اس بار ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔انھوں نے واضح کیا کہ راشد خان ابتدائی 4سے 5 میچز کیلیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
Load Next Story