کراچی کے علاقے سائٹ میں ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی ارشد وہرہ کی گاڑی پر کریکر حملہ

ارشد وہرہ پر حملے سے کچھ ہی دیر قبل اسی علاقے میں ڈی ایس پی اے وی سی سی بہاؤالدین بابرکو بھی شہید کیا گیا


ویب ڈیسک December 31, 2013
بہاؤالدین بابر بے کراچی میں جاری ٹارگٹیڈ آپریشن میں انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا۔ فوٹو؛ فائل

آج رواں سال کا آخری روز ہے اور اس دن کی مناسبت سے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں رواں برس کے بہتر اختتام اور نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں لیکن شہر قائد میں آج بھی آگ اور خون کا کھیل جاری ہے اور مختلف پرتشدد واقعات میں ڈی ایس پی اور پولیس اہلکار کے بیٹے سمیت 3 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں وہیں رکن سندھ اسمبلی ارشد وہرہ پر بھی دستی بم حملہ کیا ہے تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ سائیٹ کے علاقے میٹرول پر نامعلوم افراد نے ایک کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جاں بحق شخص کی شناخت ڈی ایس پی بہاؤالدین بابر کے نام سے ہوئی جو کہ اے وی سی سی میں تعینات تھے۔ ریسکیو رضاکاروں نے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیاجہاں سے ضابطے کی کارروائی کے بعد میت کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس نے فائرنگ کا مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ایچ او سائیٹ کے مطابق بہاؤالدین بابر کا شمار کراچی پولیس کے اہم افسران میں کیا جاتا تھا، گزشتہ 4 ماہ سے شہر میں جاری ٹارگٹیڈ آپریشن میں بھی انہوں نے انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا اور کئی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کیں۔

واقعے کے تھوڑی ہی دیر بعد اسی تھانے کی حدود میں واقع سیمنز چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے گاڑی پر بھی کریکر حملہ کیا، پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی ارشد اللہ وہرہ کو نشانہ بنایا تھا، ارشد وہرہ نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور حملہ آور گاڑی میں موجود گارڈ کی جوابی فائرنگ پر فرار ہوگئے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ارشد عبداللہ وہرہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے اسے بزدلانہ فعل قرار دیا ہے۔

سائیٹ میں پیش آنے والے واقعے سے قبل بلدیہ ٹاؤن کے داؤد گوٹھ میں نامعلوم افراد نے ٹریفک پولیس کے کانسٹیبل غلام حسین کے گھر ميں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اس کا 18 سالہ بیٹا عدنان جاں بحق جبکہ بیوی سلیمہ بی بی ، 15سالہ بیٹی لبنیٰ ، 2 بیٹے منور اور شہزاد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب پولیس اور رینجرز کی جانب سے شہر میں ٹارگٹیڈ کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور رینجرز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گرین ٹاون،گولڈن ٹاون،بلال کالونی،میٹروول،گلشن اقبال بلاک 13 ڈی، ملیر، بنارس اور عثمان آباد میں ٹارگٹیڈ کارروائیاں کرکے 46 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام تر دعوؤں کے باوجود ب تک شہر میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور اسٹریٹ کرائمز پر قابو پایا نہیں جاسکا، پولیس اور رینجرز ہر نئے دن کئی ملزمان کو گرفتار کرنے کے دعوے کرتی ہے تاہم انسانی جان اور مال کا تحفظ اب بھی ممکن نہیں بنایا جاسکا یہی وجہ ہے کہ شہر قائد میں 2ہزار 230 سے زائد افراد تارگٹ کلنگ، اسٹریٹ کرائم اور بھتہ نہ دینے کی پاداش میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |