کراچی کے علاقے سائٹ میں فائرنگ سے ڈی ایس پی بہاؤالدین بابر شہید

ڈی ایس پی بہاؤالدین بابر اینٹی وائلنٹ کرایم سیل میں تعینات تھے۔

بہاؤالدین بابر کراچی پولیس کے اہم افسر اور شہر میں جاری ٹارگٹیڈ آپریشن میں انتہائی اہم کردار تھا، پولیس فوٹو: رائٹرز/فائل

سائٹ کے علاقے میٹرول میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں اینٹی وائلنٹ کرایم سیل کے ڈی ایس پی بہاؤالدین بابر شہید ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ سائٹ کے علاقے میٹرول میں نامعلوم افراد نے ایک کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی بہاؤالدین بابر جاں بحق ہوگئے جو کہ اینٹی وائلنٹ کرایم سیل میں تعینات تھے۔ ریسکیو رضاکاروں نے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد میت ورثا کے حوالے کردی گئی۔


پولیس نے فائرنگ کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ایچ او سائیٹ کے مطابق بہاؤالدین بابر کا شمار کراچی پولیس کے اہم افسران میں کیا جاتا تھا، گزشتہ 4 ماہ سے شہر میں جاری ٹارگٹیڈ آپریشن میں بھی انہوں نے انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا اور کئی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کیں۔

واضح رہے کہ سال 2013 کے آخری روز کراچی میں بدامنی کا سلسلہ جاری ہے، آج فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے نتیجے میں اب تک 3 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکےہیں جب کہ اورنگی ٹاؤن میں چوری اور ڈکیتیوں کے ستائے شہریوں نے 2 ڈاکوؤں کو تشدد کرکے موت کی نیند سلادیا۔
Load Next Story