ميانمار کی حکومت کا تمام سياسی قيديوں کے لئے عام معافی کا اعلان

سیاسی قیدیوں کے خلاف دائر تمام مقدمات بھی خارج کردیئے جائيں گے، صدارتی ترجمان

انسانی حقوق کی ملکی اور عالمی تنظيموں نے میانمار کے صدر کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کو بڑا اصلاحاتی اقدام قرار دیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

میانمار کی حکومت نے ملک بھر میں تمام سیاسی قیدیوں کے لئے عام معافی کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبرر رساں ادارے کے مطابق میانمار کے صدر کی جانب سے جاری کردہ بيان ميں کہا گيا کہ ملک بھر کی جیلوں میں موجود تمام سیاسی قیدیوں کو معاف کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کیا جارہا ہے اور ان کے خلاف دائر تمام مقدمات بھی خارج کردیئے جائيں گے، صدر کے ترجمان اے ہتوت نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ میں اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صدر تھین سین نے اپنے وعدے پر عمل کردیا ہے اور اب ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تاہم انہوں نے اپنے پیغام میں اس اعلان کے تحت رہا کئے جانے والے سیاسی قیدیوں کی تعداد نہیں بتائی۔


دوسری جانب انسانی حقوق کی ملکی اور عالمی تنظيموں نے میانمار کے صدر کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کو بڑا اصلاحاتی اقدام قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ میانمار کے صدر تھین سین نے قوم کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ملک کی کسی جیل میں رواں برس کے آخر تک کوئی سیاسی قیدی نہیں ہوگا۔
Load Next Story