یوٹیلیٹی اسٹورز پر مسالہ جات اشیائے صرف اور برانڈڈ مصنوعات بھی مہنگی فہرست جاری

یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور تیل کی قیمت میں دو روز قبل ہی 22 تا 27 روپے اضافہ کیا گیا تھا


Staff Reporter January 12, 2021
یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور تیل کی قیمت میں دو روز قبل ہی 22 تا 27 روپے اضافہ کیا گیا تھا (فوٹو : فائل)

یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور تیل کے بعد اب مسالہ جات، اشیائے صرف، برانڈڈ مصنوعات، خشک دودھ اور مشروبات بھی مہنگے کردیے گئے۔

سرکاری نوٹی فکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا، خشک دودھ، صابن، سرخ مرچ ، نمک، مسالہ جات، مشروبات، ٹوتھ پیسٹ، جوتوں کی پالش سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوگئی ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈ کی اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھائی گئی ہیں جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے اور اس کا فوری اطلاق ہوگیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق نہانے کے صابن کی قیمت میں ڈیڑھ روپے سے لے کر 7 روپے تک، کھانے کی سویاں کا پیکٹ 8 روپے، بچوں کے 34 ڈائپر والا پیک 60 روپے، ٹوتھ پیسٹ 15 روپے، ٹوتھ برش 10 روپے، 250 ملی لیٹر کے ہینڈ واش کی قیمت میں 15 روپے تک اضافہ کردیا گیا ہے۔


اسی طرح ملٹی پرپز کلینر کی قیمت 29 روپے، جوتوں کی پالش 10 روپے، جوتے چمکانے والا 75 ملی لیٹر کا لیکوڈ 12 روپے، 275 ملی لیٹر ماؤتھ واش 20 روپے، 225 ملی لیٹر ہینڈ واش 10 روپے، سافٹ ڈرنکس 3 روپے اور مشروبات (8 سو ملی لیٹر) کی قیمت 31 روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔


نوٹی فکیشن کے مطابق 50 گرام مرچ 22 روپے، 50 گرام ادرک 12 تا 15 روپے، مختلف مسالہ جات 5 روپے سے 15 روپے تک، 50 گرام انار دانہ 2 روپے، 1.4 کلو گرام چائے کے دودھ کی قیمت میں 97 روپے، کپڑے دھونے کا پاوڈر (ایک کلو گرام) 10 روپے اضافہ مہنگا ہوگیا ہے۔


یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل دو روز پہلے ہی مہنگا کیا جاچکا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 22 سے 27 روپے اضافہ کیا گیا تھا۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں