طالبان سے مذاکرات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی جلد اہم پیش رفت ہوگی چوہدری نثار

شمالی وزیرستان میں کسی قسم کا فوجی آپریشن نہیں ہورہا مذاکرات اب بھی ہماری پہلی ترجیح ہیں، وفاقی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک December 31, 2013
پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں مالیشیوں کو بھی سفارتی پاسپورٹ جاری کئے، چوہدری نثار۔ فوٹو:فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور جلد اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہوگی۔

راولپنڈی میں پاسپورٹ آفس کا افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عوام تماش بینوں اور تماشہ لگانے والوں کی آوازوں پر کان نہ دھریں، ہم حرام کھانے والوں میں سے نہیں اسی لئے وزارت داخلہ میں ہفتے کے ساتوں دن کام ہوتا ہے اور ایف آئی اے آزادانہ طور پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشنما تقریریں کرنے والے سوچیں کہ ریلوے اب رواں دواں ہے، کراچی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور آئندہ 6 ماہ میں مزید بہتری آئے گی، قومی سیکیورٹی پالیسی کامسودہ تیارہے جلد ہی منظوری کے لئے کابینہ کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔

چوہدری نثارعلی نے کہا کہ ان کا چوہدری شجاعت حسین سے سیاسی اختلاف ہے لیکن اس کے باوجود مہنگائی سےمتعلق ان کا بیان مثبت ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لئے ہم اپنی کوششیں کر رہے ہیں اور غریب عوام کے مفاد میں پالیسیاں تشکیل دی جارہی ہیں جس کا اعلان جلد ہی وزیراعظم خود کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھا ، شمالی وزیر ستان میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہورہا، طالبان سےمذاکرات اب بھی ہماری پہلی ترجیح ہے جس کے لئےخصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، مولانا سمیع الحق سمیت کئی دیگر لوگ طالبان سے مذاکرات میں مدد کریں گے اور آئندہ چند روز میں میں طالبان سے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔