چیئرمین نیب مظلوم آدمی ہے جسے حکومت بلیک میل کر رہی ہے شاہد خاقان عباسی

نیب کے ادارے کو بند کر کے ملک کو اس مصیبت سے نجات دلانی چاہیے، رہنما ن لیگ

نیب کے ادارے کو بند کر کے ملک کو اس مصیبت سے نجات دلانی چاہیے، رہنما ن لیگ

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب مظلوم آدمی ہے حکومت اس کو بلیک میل کر رہی ہے۔

احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، بیٹے عبد اللہ خاقان سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرے خلاف اختیارات کے غلط استعمال کا کیس ہے، میں نے نیب سے بارہا پوچھا کہ کونسا اختیار غلط استعمال ہوا تو جواب نہیں آیا ، انتقام کی ہوس میں نیب اتنا اندھا ہو چکا ہے کہ اسے عدالتی فیصلے بھی نظر نہیں آتے، پچھلے ہفتے نیب سے متعلق ہائیکورٹ کا آرڈر آیا ہے وہ فیصلہ نیب پڑھ لے، نیب صرف پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ ہے ، براڈ شیٹ کا جو معاملہ سامنے آیا ہے آج اگر ملک میں قانون ہو تو اس نیب جیسے ادارے کو بند کر دینا چاہیے، 20 سال آپ نے دس ارب لگا کر خرچ کیے اور بیرون ملک سے پیسے واپس نہیں مل سکے، جج ارشد ملک کو بلیک میل کر کے آپ نے نواز شریف کو سزا دلوائی۔


شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ نیب کے ادارے کو بند کر کے اس ملک کو مصیبت سے نجات دلانی چاہیے، نیب کو میاں نواز شریف کے ایک روپے کے اکاؤنٹس نہیں مل سکے، یہ نظام نہیں چل سکتا جہاں پر شرم حیا ختم ہو جائے، جب حکومت ججوں کو بلیک میل کرے اور وزیر جا کر کمپنیوں سے حصہ مانگیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہائی کمیشن لندن کے اکاؤنٹ سے کٹوتی، پاکستان کا متعلقہ فورمز پر معاملہ اٹھانے کا فیصلہ

رہنما ن لیگ نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے اکاؤنٹس میں 30 ملین ڈالر ہونا بھی ایک سوالیہ نشان ہے، آج فوج اور آئی ایس آئی کو بدنام کیا جا رہا ہے یہ اس حکومت کی حقیقت ہے، ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں، لیکن یہ ایک دن انہی کٹہروں میں کھڑے ہونگے۔

شاہد خاقان نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب مظلوم آدمی ہے حکومت اس کو بلیک میل کر رہی ہے، یہاں ججوں کو بلیک میل کیا جاتا ہے، ساڑھے چھ سال سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہو رہا، جب تک پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آتا احتجاج جاری رہے گا، پیسے آئے اور عمران خان اور پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں آئے تھے۔
Load Next Story