2021 میں چین کی شرح نمو 79 فیصد رہے گی آئی ایم ایف

کورونا کی عالمی وبا میں چینی معیشت کے بغیر عالمی معاشی نمو کی شرح منفی رہتی، عالمی مالیاتی فنڈ


ویب ڈیسک January 14, 2021
کورونا کی عالمی وبا میں چینی معیشت کے بغیر عالمی معاشی نمو کی شرح منفی رہتی، عالمی مالیاتی فنڈ۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ATHENS: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اعتراف کیا ہے کہ 2020 میں چین کی معاشی سرگرمیوں کے باعث عالمی معیشت مثبت رہی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں آئی ایم ایف کی جاری کردہ رپورٹ ''ورلڈ اکنامک آؤٹ لُک'' میں کہا گیا ہے کہ چین کی معاشی بحالی نے ابھرتی ہوئی نئی منڈیوں کو تحریک فراہم کی ہے۔

2021 کی پہلی ششماہی سے متعلق اس رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس دوران کورونا وائرس کی عالمی وبا کے مسلسل پھیلاؤ کے باعث عالمی معیشت مجموعی طور پر تنزلی کا شکار رہے گی۔

13 تیرہ جنوری کو گلوبل تھنک ٹینک کے زیر اہتمام ایک سیمینار میں آئی ایم ایف کے اہلکار نے نشاندہی کی کہ سرمایہ کاری میں کمی اور قرضوں کے بوجھ کا بڑھنا مختلف ممالک کی معیشت پر وبا کے نمایاں اثرات ہیں۔ تاہم مشرقی ایشیا میں چین کی معاشی بحالی بے حد غیر معمولی اور اہم ہے کیونکہ یہ دیگر عالمی معیشتوں، خاص کر مشرقی ایشیا اور ابھرتی ہوئی نئی معیشتوں میں معاشی بحالی کی محرک ہے۔

آئی ایم ایف کی مذکورہ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ 2020 میں چین معاشی بدحالی سے محفوظ رہنے والی واحد بڑی معیشت بن چکا ہے جبکہ 2021 میں چین کے جی ڈی پی کی شرحِ نمو 7.9 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ اسی دوران چین کے ذریعے متحرک اور ابھرتی ہوئی معیشتوں/ منڈیوں کی معاشی نمو نئے سال میں 5 فیصد بڑھے گی، جو سابقہ اندازے 4.6 فیصد سے زیادہ ہے۔

عالمی سرمایہ کاری میں کمی کے تناظر میں دیکھا جائے تو چین کی سرمایہ کاری اور تجارت کا حجم مستحکم رہا، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری جاری رکھتے ہوئے چین کی کھپت کو ترقی کا بنیادی انجن سمجھتا ہے۔

علاوہ ازیں چین نے مالیات اور کھپت کے شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کو مستقل بنیادوں پر فروغ دیا ہے۔ اس بحالی کے ماڈل نے وبا کے بعد ممالک کو پائیدار معاشی ترقی کا تجربہ فراہم کیا۔

یہ بھی واضح رہے کہ دوسرے ممالک کے مقابلے میں چین کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری، بالخصوص طبی آلات کا شعبہ بے حد مضبوط اور مستحکم ہے۔

اس طرح چین نہ صرف اپنی ضروریات کی تکمیل کرتا ہے بلکہ یہ طبی سامان دنیا کو بھی فراہم کرتے ہوئے مقامی معیشت کی بحالی اور استحکام کو یقینی بناتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چین نے عالمی معاشی بحالی میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں