وزیراعظم کے مؤقف کی وجہ سے کئی ممالک اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہے نورالحق قادری

پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی، وفاقی وزیر مذہبی امور


Staff Reporter January 16, 2021
پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی، وفاقی مذہبی امور(فوٹو، فائل)

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا موقف دوٹوک ہے اور یہی وجہ ہے کہ دیگر ممالک جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ رہے تھے اب وہ بھی پیچھے ہٹنا شروع ہوگئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل مسالک علما بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم کی جانب سے نیو سمن آباد لاہور میں استقبالیہ اورقرآن کمپلیکس میں اسلامک ریسرچ کونسل پاکستان ، پنجاب قرآن بورڈ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے مزید کہا کہ علما کاکام اللہ کے دین اور حکم کی طرف راغب کرناہے اور یہ کام منبر سے سرانجام دیا جا سکتا ہے۔علما منبر سے ایسے بیانات نہ دیں جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔ پاکستان جدید اسلامی فلاحی ملک ہے ،جسے ریاست مدینہ کے طرز پر بنائیں گے،پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کی حفاظت و امن خوشحالی میں پاک فوج کا اہم کردار ہے۔ریاست مدینہ کے بعد اسلام کا قلعہ پاکستان ہے ،لیبیا،یمن اور شام جیسے ممالک میں بھی پہلے فوج کو کمزور کیا گیا اور پھر اداروں کو تباہ کیا گیا،ان کا مقصد اب پاکستان کی فوج کوکمزور کرکے اداروں کوتباہ کرناہے ہمیں ایسی مہم جوئی کو یکجا ہوکر ہی ناکام بناناہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کے نام پر فوج کو برا بھلا کہاجارہاہے جو سراسر غلط ہے،حکومت کوگرانے کیلئے آئینی طریقہ استعمال کریں یاآئندہ الیکشن کا انتظار کریں،اپوزیشن میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں، انتشار اور فتنہ پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے کبھی کہتے ہیں الیکشن کمیشن ٹھیک نہیں، کبھی فلاں ادارہ ٹھیک نہیں،ہم اس سسٹم کو تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سنت نبوی پر چلیں ،ٹرمپ کے راستے پر نہ چلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فرانس نے جو خاکے پیش کئے ان کےخلاف پاکستان اور ترکی نے موثر انداز میں کھل کر بات کی، وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں کہاتھا کہ تمام مسلم ممالک مل کر گستاخانہ خاکے بنانے والوں کےخلاف آواز بلند کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں