عمرکوٹ پی ایس 52 ضمنی الیکشن کیلیے پولنگ کل ہوگی
پی پی اور حکمران جماعت پی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع، 50 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین قرار۔
سندھ کے شہر عمرکوٹ میں پی ایس 52 کے ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ (کل) 18جنوری کو ہو گی۔
پی ایس 52 میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حمایت یافتہ اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی حمایت یافتہ حکمران جماعت تحریک انصاف میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس 52 کی نشست پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سید علی مردان شاہ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی جومسلسل 30سال سے حلقے کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے تھے۔ پیپلزپارٹی نے اس حلقے میں سید علی مردان شاہ کے صاحبزادے سید امیر علی شاہ کو امیدوار نامزد کر رکھا ہے۔
دوسری جانب جی ڈی اے کی حمایت یافتہ حکمران جماعت تحریک انصاف نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو میدان میں اتارا ہے ۔ لہذا پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے درمیان ون آن ون کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمشنر محمد انور چوہان نے ایکسپریس ٹریبون سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ 128پولنگ اسٹیشنز میں سے 40حساس اور50 کو حساس ترین قراردیا گیا ہے ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔