فارن فنڈنگ کیس میں تفصیلات جمع کرادیں اب پی ڈی ایم کی باری ہے شبلی فراز

پی ڈی ایم بھی تو اپنی فنڈنگ کی تفصیلات بتائے تاکہ عوام کو پتا چلے کہ جھوٹا اور فریبی کون ہے؟ شبلی فراز، فرخ حبیب


ویب ڈیسک January 17, 2021
وزیر اطلاعات شبلی فراز اور پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب پریس کانفرنس کرتے ہوئے (فوٹو : اے پی پی)

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم نے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں تفصیلات جمع کرادیں اب پی ڈی ایم کی بقیہ جماعتیں بھی اپنی اپنی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرائیں تاکہ عوام کو پتا چل سکے کہ جھوٹا اور فریبی کون ہے؟

یہ بات وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ایک چھتری تلے جمع ہیں وزیراعظم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ یہ سب میرے خلاف اکٹھے ہو جائیں گے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپنی حکومتوں میں انہوں نے اداروں کو مفلوج اور پامال کیا، پی ڈی ایم کو عوام میں پذیرائی حاصل نہیں ہوئی اور پی ڈی ایم اب ماضی کا قصہ بن چکی ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اپنے تمام کارڈ کھیل لیے ہیں، اسے ہر محاذ پر شکست کا سامنا رہا اور شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوا۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کا متوقع احتجاج ایک بھونڈی کوشش ہے دراصل پی ڈی ایم اداروں کو دھمکانا چاہتی ہے، پی ٹی آئی نے ملنے والے فارن فنڈز سے متعلق تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرادی ہیں، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں فنڈز سے متعلق آج تک جواب جمع نہیں کراسکیں، الیکشن کمیشن بار بار دونوں جماعتوں سے فنڈز دینے والوں کے شناختی کارڈ اور پتے مانگتا رہا، الیکشن کمیشن ان سے سوال پوچھتا ہے تو وہ لیت و لعل سے کام لیتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ جماعتیں الیکشن کمیشن میں تفصیلات جمع کرائیں تاکہ عوام کو پتا چل سکے کہ جھوٹا اور فریبی کون ہے؟ پی ڈی ایم اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر مطلوبہ کاغذات جمع کرائے، جلسوں اور جتھوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے ممنوعہ فنڈنگ کا حساب دے۔

فارن فنڈنگ کیس ایک کا نہیں تمام سیاسی جماعتوں کا کیس ہے، پارلیمانی سیکریٹری

پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے کہا کہ آئین سیاسی جماعتوں کو اپنے ریکارڈز درست رکھنے کا پابند بناتا ہے، فارن فنڈنگ کیس ایک جماعت کا نہیں تمام سیاسی جماعتوں سے متعلق کیس ہے، پی ڈی ایم جماعتیں اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے کوئی بھی ریکارڈ پیش نہ کرسکیں حالاں کہ الیکشن کمیشن کے فارم 1 کے مطابق ذرائع آمدن اور اخراجات کی تفصیلات بتانا ضروری ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے، پیپلز پارٹی نے این آر او کے لیے مارک سیگل اینڈ ایسوسی ایٹ کو 60 لاکھ ڈالر دیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |