حفیظ کی سیریز میں شرکت پر سوالیہ نشان ثبت

پی سی بی نے ٹی ٹین لیگ سے دستبرداری کا پیغام دے دیا،آل راؤنڈر کا انکار


Sports Reporter/Abbas Raza January 18, 2021
 3فروری کو بائیوببل کا حصہ نہیں بن سکتا 7کو جوائن کروں گا،محمد حفیظ ۔ فوٹو: فائل

محمد حفیظ کی جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا،پی سی بی نے ٹی ٹین لیگ سے دستبرداری کا پیغام دیا، آل راؤنڈر نے انکار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ 3فروری کو بائیوببل کا حصہ نہیں بن سکتا، 7کو جوائن کروں گا، اگر نہ کھلانے کا بہانہ ڈھونڈ رہے ہیں تو الگ بات ہے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول3ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے منتخب کرکٹرز کو 3 فروری تک بائبوببل میں رپورٹ کرنا ہے، محمد حفیظ اس دوران ٹی ٹین لیگ میں مصروف ہوں گے جو 28جنوری سے 6 فروری تک ابوظبی میں شیڈول ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ پروٹیز سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کیلیے ٹی ٹین لیگ سے دستبردار ہونا ہوگا، مگر محمد حفیظ معاہدے کو ختم نہیں کرنا چاہتے،آل راؤنڈر کا موقف ہے کہ ابوظبی میں ایونٹ مکمل ہونے کے بعد 7فروری کو ہی اسکواڈ کو جوائن کرسکتا ہوں۔

اگر نہ کھلانے کا بہانہ ڈھونڈ رہے ہیں تو اور بات ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں ان کی ہوم انٹرنیشنل میچز میں شرکت ممکن نظر نہیں آرہی، محمد حفیظ مراٹھا عریبیئنز کے اسکواڈ میں شامل ہیں،شعیب ملک بھی آئیکون پلیئر کے طور پر اسی فرنچائز کا حصہ ہیں، وہاب ریاض کو ناردرن واریئرز نے منتخب کیا، حسن علی،شرجیل خان، آصف علی لاہور قلندرز کا حصہ ہیں، مجموعی طور پر محمد عامر اور سہیل تنویر سمیت درجن بھر پاکستانی کرکٹرز ٹی ٹین لیگ میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم ہونے سے بے روزگار ہونے والے کرکٹرز کا مقدمہ لے کر وزیراعظم اور پیٹرن پی سی بی عمران خان کے پاس جانے والے اظہر علی ٹیسٹ کپتانی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، مصباح الحق چیف سلیکٹر نہیں رہے، ہیڈ کوچ کا عہدہ بھی خطرے میں ہے، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ نہ ہونے کی وجہ سے محمد حفیظ سے باز پرس نہیں ہوئی تھی،وہ انٹرویوز میں بھی صاف گوئی سے بات کرتے رہے، موجودہ صورتحال پر کرکٹ حلقوں میں ان کے مستقبل پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔

ابوظبی ٹی 10لیگ ،حفیظ کے ساتھ کھیلنے کا منتظر ہوں، شعیب ملک

آل راؤنڈر شعیب ملک ابوظبی ٹی 10لیگ میں دفاعی چیمپئن مراٹھا عربیئنز کی قیادت کریں گے، انھوں نے کہا کہ مختصر فارمیٹ نئے شائقین کو کرکٹ کی طرف راغب کرنے کا ایک بہترین فارمیٹ ہے،میں نئے سیزن میں اپنے دوست محمد حفیظ کے ساتھ کھیلنے کا منتظر ہوں،یاد رہے کہ ابوظبی ٹی ٹین لیگ28جنوری سے 6فروری تک شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |