سندھ حکومت کے بروقت گندم ریلیز نہ کرنے کے باعث آٹا مہنگا ہوا حماد اظہر

پنجاب میں 20 کلو آٹے کی بوری 860 جب کہ سندھ میں یہی آٹے کی بوری 1100 روپے کی ہے، وفاقی وزیر


ویب ڈیسک January 18, 2021
پنجاب میں 20 کلو آٹے کی بوری 860 جب کہ سندھ میں یہی آٹے کی بوری 1100 روپے کی ہے، وفاقی وزیر صنعت وپیداوار.فوٹو:فائل

وفاقی وزیر صنعت وپیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے بروقت گندم کی ریلیز نہیں کی جس کی وجہ سے صوبے میں آٹا مہنگا ہوگیا۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت وپیداوار حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آٹے کا بحران آیا تو صوبائی حکومتوں نے اس پر کام کیا، اکتوبر نومبر تک سندھ نے جو 12 لاکھ ٹن آٹا لیا ہوا تھا ریلیز کرنے سے انکار کیا، سندھ حکومت نے بروقت گندم کی ریلیز نہیں کی جس کی وجہ سے صوبے میں آٹا مہنگا ہوگیا، اور ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب میں 20 کلو آٹے کی بوری 860 جب کہ سندھ میں یہی آٹے کی بوری 1100 روپے کی ہے، یہ سب سندھ حکومت کی نااہلی تھی یا دانستہ طور پر ایسا کیا گیا۔

حماد اظہر نے کہا کہ گنے کا 170 روپے ریٹ چل رہا تھا کسان کو 130روپے سے زیادہ ریٹ نہیں دیا جا رہا تھا، ہماری حکومت میں 230 کے حساب سے گنے کی ادائیگی کی گئی، چینی کے نرخ کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، حکومت سے ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے سود ادا کرنے کے لیے قرضہ لیا، اگر ماضی کے قرضے ادا نہ کرنے پڑیں توہمارے اخراجات آمدنی سے کم ہیں، این آراو کی رقم براڈ شیٹ میں ادا کی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔