پرویز مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب سے آج پھر بارودی مواد برآمد

سابق صدر سیکیورٹی خدشات کے باعث آج پھر خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

اب تک پرویز مشرف کے گھر کے پاس سے بارودی مواد سے بھری ایک مشتبہ گاڑی جب کہ 3 مرتبہ سڑک کے اطراف سے باورودی مواد برآمد ہوچکا ہے فوٹو؛فائل

FAISALABAD:
سابق صدر پرویز مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب سے آج پھر بارودی مواد برآمد ہوا ہے جس کے باعث وہ آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔


سابق صدر پرویز مشرف کو غداری کیس میں خصوصی عدالت میں پیش ہونا تھا جس پر وفاقی پولیس نے آج صبح بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے سابق صدر کے روٹ کو چیک کیا تو پرویز مشرف کے فارم ہاؤس سے 3 کلو میٹر کے فاصلے پر ٹریفک سگنل کے قریب سے ایک کلو بارودی مواد برآمد ہوا۔ اس سے قبل بھی 24 دسمبر کو مشرف کو جب عدالت میں پیش کیا جانا تھا تواس موقع پر بھی 5 کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

اب تک سابق صدر پرویز مشرف کے گھر کے پاس سے بارودی مواد سے بھری ایک مشتبہ گاڑی جب کہ تین مرتبہ سڑک کے اطراف سے باورودی مواد برآمد ہوچکا ہے۔ سابق صدر کو پیشی پر لے جانے کیلئے وفاقی پولیس روٹ کو کلیئر کر کے رینجرز کے حوالے کرتی ہے اس کے باوجود بارودی مواد برآمد ہونا سکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے۔
Load Next Story