شہباز شریف کو آشیانہ ریفرنس میں حاضری سے استثنیٰ کالعدم قرار

احتساب عدالت کا شہباز شریف کو 26 جنوری کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم


ویب ڈیسک January 21, 2021
ایسا نہیں ہوتا ملزم ایک کیس میں پیش ہو اور دوسرے میں استثنیٰ دیا جائے، فاضل جج فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا آشیانہ ریفرنس میں حاضری سے استثنیٰ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو حاضری سے استثنیٰ کالعدم قرار دے دیا۔

فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ ملزم اس وقت جیل حکام کی حراست میں ہے اور دوسرے کیسز میں پیش ہوتا ہے، ایسا نہیں ہوتا ملزم ایک کیس میں پیش ہو اور دوسرے میں اسے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ یہ اہم نوعیت کا کیس ہے اس لئے شہباز شریف 26 جنوری کو ذاتی طور پر پیش ہوں۔

واضح رہے کہ شہباز شریف آشیانہ کیس میں 2018 میں گرفتار بھی کئے جاچکے ہیں تاہم بعد میں انہیں عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

آشیانہ ریفرنس میں شہاز شریف کے الزام

نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کی اور بحیثیت وزیر اعلیٰ اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا شہباز شریف نے پنجاب لینڈ ڈویلپمینٹ کمپنی (پی ایل ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اختیار حاصل کیے اور غیر قانونی طور پر آشیانہ ایل ڈی اے کو ٹرانسفر کیا، اس وقت شہباز شریف کے قریبی ساتھی احد چیمہ ایل ڈی اے کی سربراہی کر رہے تھے، احد چیمہ نے مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو غیر قانونی منافع دینے کے لیے ٹھیکہ منسوخ کروایا اور آشیانہ اقبال کے ٹھیکے کی منقتلی کے لیے غیر قانونی فوائد حاصل کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں