ہماری جیلوں میں 396 پاکستانی قیدی موجود ہیں بھارت کا اعتراف

1992 میں ہونے والے معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے اپنی اپنی جوہری تنصیبات کی فہرستیں ایک دوسرے کے حوالے کیں۔

پاکستانی جیلوں میں اس وقت 281 بھارتی قید ہیں جن میں 49 عام شہری اور 232 ماہی گیر شامل ہیں۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق بھارتی جیلوں میں اس وقت بھی 396 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔


دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بھارت نے 1992 میں ہونے والے معاہدے کے تحت اپنی اپنی جوہری تنصیبات کی فہرستیں ایک دوسرے کے حوالے کیں، پاکستان نے اسلام آباد میں موجود بھارتی ہائی کمیشنر کو اپنی جوہری تنصیبات کی فہرست جمع کرائی جبکہ نئی دلی میں بھارتی حکام کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن میں اپنی جوہری تنصیبات کی فہرست جمع کرائی گئی تاہم دونوں ممالک کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تفصیلات میں اعدادوشمار واضح نہیں کئے گئے ہیں لیکن ایک بھارتی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں مالک کے پاس 100،100 ایٹم بم موجود ہیں۔

اس کے علاوہ 2008 میں ہونے والے ایک معاہدے کے مطابق دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری کو ایک دوسرے کے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرنے کے بھی پابند ہیں جس کے مطابق اس وقت بھی بھارت میں 396 قیدی موجود ہیں جس میں سے 257 عام شہری جبکہ 139 ماہی گیر شامل ہیں، دوسری جانب پاکستانی جیلوں میں اس وقت 281 بھارتی قید ہیں جن میں 49 عام شہری اور 232 ماہی گیر شامل ہیں۔
Load Next Story