پاور ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کی نجکاری پر فیصلہ نہ ہوسکا

 نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس بے نتیجہ رہا، وجہ کمپنیوں کی خستہ صورتحال ہے

 نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس بے نتیجہ رہا، وجہ کمپنیوں کی خستہ صورتحال ہے فوٹو: فائل

نجکاری کمیشن بورڈ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر فیصلہ نہیں کرسکا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق پاورڈویژن نے بھی بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی نجکاری کے لیے روڈمیپ تیار کرنے کے سلسلے میں اپنی عدم اہلیت ظاہر کردی ہے۔


ذرائع کے مطابق گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو کے زیرصدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس بلا کسی نتیجے کے اس سوال پر ختم ہوگیا کہ کیا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی انتظام کاری آؤٹ سورس کردی جائے کیوں کہ مختصر سے درمیانی مدت کے لیے ان کی نجکاری ممکن نہیں۔

وزارت نجکاری کے ہینڈ آؤٹ کے مطابق بورڈ کے اجلاس میں کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری ( سی سی او پی ) کے اس فیصلے پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا جس میں پاور ڈویژن اور وزارت نجکاری کوDISCOS کے نجکاری، مینجمنٹ کنٹریکٹ کا عمل تیز کرنے اور امپلی مینٹیشن پلان جمع کرانے کے لیے کہا گیا ہے۔ نجکاری بورڈ ریاستی ملکیتی 10 بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی موجودہ حالت کے پیش نظر کوئی فیصلہ نہیں کرسکا۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ ڈھائی سال کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں اضافہ اور ریکوریز میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان کمپنیوں کے نقصانات کم کرنے میں ناکامی کا نتیجہ گردشی قرض میں اضافے کی صورت میں ظاہر ہورہا ہے جس پر قابو پانے کے لیے حکومت بجلی مہنگی کررہی ہے۔ یوں پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی سزا عام صارفین کو بھگتنی پڑ رہی ہے۔
Load Next Story