امریکی صدر طالبان کیساتھ افغان امن معاہدے پر نظرثانی کے خواہاں

جائزہ لیں گے کہ امن معاہدے کے تحت طالبان تشدد میں کمی کر رہے ہیں یا نہیں، قومی سلامتی ترجمان


ویب ڈیسک January 23, 2021
اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ طالبان امن معاہدے میں شامل اپنی ذمہ داریوں کے مطابق تشدد میں کمی کررہے ہیں یا نہیں

امریکی صدرجوبائیڈن طالبان کے ساتھ امن معاہدے کا جائزہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ افغانستان میں تشدد میں کمی سمیت افغان حکومت اوردوسرے فریقوں کے ساتھ بامعنی مذاکرات کیے جا سکیں۔

امریکی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایملی ہورن کا کہنا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کے نئے مشیرجیک سلیون نے اپنے افغان ہم منصب حمداللہ محب سے بات کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ امریکی انتظامیہ امن معاہدے کا جائزہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ترجمان ایملی ہورن کے مطابق امریکا کی جانب سے جائزہ لیا جائے گا کہ طالبان امن معاہدے میں شامل اپنی ذمہ داریوں کے مطابق تشدد میں کمی کررہے ہیں یا نہیں تاکہ افغانستان میں تشدد میں کمی سمیت افغان حکومت اور دوسرے فریقوں کے ساتھ بامعنی مذاکرات کیے جا سکیں۔

ترجمان ایملی ہورن نے کہا کہ مشیرجیک سلیون نے واضح کیا کہ امریکا علاقائی سطح پر سفارتی کوششوں کے ساتھ امن عمل کی حمایت کرے گا تاکہ فریقین مسئلے کا پائیدار اورصحیح سیاسی حل تلاش کرسکیں۔

واضح رہے افغانستان میں امریکا کی 19 سال سے جاری جنگ کو اختتام پذیر کرنے کے لیے امریکا اور طالبان کے مابین تاریخی امن معاہدہ 29 فروری 2020 کوطے پایا تھا، اس معاہدے کے مطابق نہ صرف امریکا مئی 2021 تک اپنی فوجوں کا انخلا کرے گا بلکہ امریکا اور طالبان، افغان فریقین کے مابین مذاکرات سے پہلے ہزاروں قیدیوں کا تبادلہ کریں گا، تاہم یہ معائدہ متعدد مسائل کے باعث تاخیر کا شکارہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔