جولائی تا دسمبر ٹیکس وصولیوں میں شارٹ فال 96 ارب روپے تک پہنچ گیا

پہلی ششماہی میں 16 فیصد کے سال بہ سال اضافے سے1020 ارب روپے کی وصولیاں، ہدف 1116 ارب مقررکیا گیا تھا


Numainda Express January 02, 2014
دسمبرمیں ٹیکس ریونیو6 فیصد بڑھ کر216 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال 2013-14 کے پہلے 6ماہ(جولائی تا دسمبر) کیلیے مقررہ 1116 ارب کا ٹیکس ہدف حاصل نہیں کرسکا اور ریونیو شارٹ فال 95 ارب روپے سے تجاویز کر گیا ہے ۔

تاہم پہلی ششماہی میں 1020ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 16 فیصد زیادہ ہیں البتہ کے مقررہ ہدف سے کم ہیں۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو موصول ہونے والے عبوری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی طور پر1020 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں وصولیاں 889 ارب روپے رہیں تھیں، اس طرح ٹیکس ریونیوسال بہ سال16فیصد زیادہ جمع ہوا ۔



تاہم یہ پہلی ششماہی کیلیے مقررہ 1116ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں96 ارب روپے کم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ٹیکس وصولیوں کے حتمی اعدادوشمار موصول ہونے پر پہلی ششماہی کی ٹیکس وصولیوں میں مزید 15 ارب روپے تک کا اضافہ ہونے کی توقع ہے جس کے بعد شارٹ فال کم ہوکر متوقع طور پر80 ارب روپے رہ جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے دسمبر کے دوران مجموعی طور پر 216 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حاصل ہونے والی203 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں 13ارب روپے یا 6.02 فیصد زیادہ ہیں تاہم 264 ارب روپے کے ماہانہ ہدف کے مقابلہ میں 48ارب روپے کم ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں