منزل کے قریب پاکستانی ویمنز پھر ہمت ہار گئیں

دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 13 رنز سے شکست


Sports Desk January 24, 2021
عالیہ ریاض کے 81 رنز،ندا ڈار کی مسلسل دوسری ففٹی کسی کام نہ آئی۔ فوٹو: فائل

منزل کے قریب پہنچ کر پاکستانی ویمنز ٹیم پھر ہمت ہارگئی، دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 13 رنز سے شکست ہوگئی۔

پہلے میچ میں محض3 رنز سے ناکام ہونے والی گرین شرٹس کی دوسرے ون ڈے میں شکست کا مارجن 13 رنز رہا، 253 رنزکے تعاقب میں ابتدائی 2 وکٹیں صرف 17 رنز پر گرگئیں،منیبہ علی صفر اور ناہیدہ خان 8 رنز پر کیپ کی وکٹ بنیں۔

کپتان جویرہ خان 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، دوسرے اینڈ سے عمیمہ سہیل نے قدرے بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے 41 رنز بنائے، انھیں خاکا نے ڈی کلیرک کی مدد سے قابو کیا، سدرہ نواز (6) کے آؤٹ ہونے کے بعد ندا ڈار اور عالیہ ریاض کے درمیان چھٹی وکٹ کیلیے 109 رنز کی شراکت ہوئی۔

پہلے ون ڈے میں 59 رنز بنانے والی ندا اس بار 51 رنز بناکر خاکا کی گیند پر شبنم اسماعیل کے ہاتھوں کیچ ہوئیں، مجموعی اسکور جب 225 ہوا تو عالیہ ریاض کو بھی خاکا نے میدان بدر کردیا، انھوں نے 81 رنز بنائے، اس کے بعد پاکستان ٹیم کا ہدف کی جانب سفر سست پڑگیا اور 8 وکٹ پر 239 رنز بن سکے۔

آیابونگا خاکا نے 4 اور میریزین کیپ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے 7 وکٹ پر 252 رنز بنائے، کیپ 68 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں جس کیلیے انھوں نے 45 بالز کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور 10 چوکے جڑے، لیزلی لی 47 اور سون لوئس 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، ڈیانا بیگ اور ناشرا سندھو نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں