عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر امریکی فوجی اڈے کے نزدیک راکٹ حملے

دو میزائل ایئرپورٹ کے جوار میں گرے جب کہ ایک میزائل مکان پر گرا


ویب ڈیسک January 24, 2021
حملے میں جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ایک مکان تباہ ہوگیا، فوٹو : فائل

عراق میں بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور امریکی فوجی اڈے کے نزدیک نامعلوم مقام سے داغے گئے تین راکٹس آکر گرے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق ایک بار پھر پُرتشدد حملوں کی زد میں ہے، دو روز قبل ہی ہی یکے بعد دیگرے دو خود کش دھماکوں میں 50 کے قریب افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی اور اب بغداد ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا جہاں امریکی فوجی اڈہ بھی ہے۔

عراق کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رات گئے ہونے والے حملے میں بغداد ہوائی اڈے پر 3 عدد میزائل داغے گئے، 2 میزائل ہوائی اڈے کے جوار میں امریکی فوجی اڈے کے نزدیک گرے۔

یہ خبر پڑھیں : بغداد میں یکے بعد دیگرے 2خودکش حملوں میں 30 افراد ہلاک، 73 زخمی

وزارت دفاع کے ترجمان نے مزید بتایا کہ تیسرا میزائل الا جہاد محلے کے ایک مکان پر لگا جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم تینوں میزائلوں کے گرنے سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

میزائل گرنے کے واقعات کے بعد ریڈ زون میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی اور ایئرپوٹ پر سرگرمیاں بھی معطل رہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم شکست خوردہ داعش کی جانب سے رواں ماہ حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔