سافٹ ویئر کمال کے

شاید آپ کو ان کی تلاش ہو!

شاید آپ کو ان کی تلاش ہو!

نئے سال 2021 میں اپنے گھر اور دفتر کی ڈیجیٹل زندگی میں نیاپن اور سہولت پیدا کرنے کے دو ممکنہ طریقے ہوسکتے ہیں: اول، اپنے گھر یا دفتر کے لیے ایک عدد نیا کمپیوٹر خرید لیں، بہرکیف یہ ایک مہنگا سودا ہے، جس کا حصول شاید ہر کسی کے لیے ممکن نہ ہوسکے۔

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ کے پاس کمپیوٹر چاہے کتنا ہی پرانا کیوں نہ اُسے نئے، بہترین اور کارآمد سافٹ ویئرز سے مزین کرلیا جائے، کیوںکہ سافٹ ویئرز پر ہی کسی بھی کمپیوٹر کی تمام تر ڈیجیٹل حیات کا


دارومدار ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سافٹ ویئر مختلف ہدایت، اعداد و شمار، یا پروگرام کا ایک ایسا مجموعہ ہوتا ہے جو کسی بھی کمپیوٹر کو چلانے اور مخصوص کاموں کو سر انجام دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ یعنی سافٹ ویئر سے مراد کمپیوٹر میں چلنے والے وہ پروگرام ہیں جو ایک صارف کی ہر خواہش، ضرورت یا کام کو پورا کرتے ہیں۔ شاید اسی لیے ہر کمپیوٹر میں استعمال میں آسان اور جدت سے ہم آہنگ سافٹ ویئرز کا ہونا ازحد ضروری ہے۔ سال 2021 میں کون سے منفرد، کارآمد لیکن مفت میں دست یاب سافٹ ویئرز آپ کے کمپیوٹر کے ڈیجیٹل جیون میں نئی روح پھونک سکتے ہیں۔ ایسے ہی چند سافٹ ویئرز کا چنیدہ انتخاب زیرنظر مضمون میں پیش خدمت ہے۔


خزائن الہدایت
ڈاؤن لوڈلنک : https://bit.ly/3opdpBH
ہمیں اُمید ہے کہ آپ کو انٹرنیٹ پر قرآن حکیم، فرقان حمید کی تلاوت کرنے اور تفسیر پڑھنے کے لیے بے شمار سافٹ ویئر استعمال کرنے کا اتفاق ہوا ہوگا، جن میں سے اکثر سافٹ ویئرز میں یا تو رسم الخط ''برّصغیری'' نہیں ہوتے، یا تلاوت موجود نہیں ہوتی، یا ترجمہ کنزالایمان و تفسیر خزائن العرفان نہیں ہوتیں یا سرچ آپشن میں مختلف طرح کے مسائل سامنے آجاتے ہیں۔

 

یادش بخیر کہ اَب خزائن الہدایت کے نام سے کلین ٹچ سافٹ ویئر کارپوریشن کی جانب سے قرآن حکیم کی تلاوت و تفسیر کے مطالعے کے لیے ایک ایسا مفت سافٹ ویئر متعارف کروادیا گیا ہے، جس میں موجود سہولیات اور خوبیوں کا انٹرنیٹ پر دست یاب کسی بھی دوسرے سافٹ وئیر سے کوئی موازنہ ہی نہیں کیا جاسکتا۔ مثال کے طور پر خزائن الہدایت میں عربی متن پاک و ہند اور دنیا کے کئی ممالک میں مروجہ برصغیری رسم الخط میں انتہائی احتیاط سے لکھا گیا ہے اور جسے لکھنے کے بعد متعدد بار حفاظِ کرام اور ماہرینِ علمِ تجوید نے موجودہ نسخوں اور تجویدی قواعد کو مدّنظر رکھتے ہوئے باریک بینی سے چیک کیا ہے اور ممکنہ حد تک متن کو اغلاط سے پاک کرنے کے لیے التزام یقینی بنایا گیا ہے۔

نیز اس سافٹ ویئر میں خوب صورت اور واضح تحریر میں تصدیق شدہ عربی متنِ قرآن شریف، ایک کلک کرنے سے آیت کی تلاوت مختلف قاریوں کی آواز میں سننے کی خصوصیت، اردو ترجمہ کنزالایمان آواز کے ساتھ، مختصر و جامع تفسیرِ قرآنِ مجید خزائن العرفان، انگریزی ترجمہ کنزالایمان بھی موجود ہے، جب کہ وقتِ تلاوت قرآنی لفظوں کو کیسے ادا کرنا ہے۔

اس کی تفصیل رومن انگریزی میں درج کردی گئی ہے، اس کے علاوہ خزائن الہدایت میں کسی بھی متن کی تحریر کا انداز اور حجم (Size) بدلنے کی سہولت، سیکنڈوں میں اپنی مطلوبہ آیت تک رسائی، تمام موجودہ مواد میں سے اپنا مطلوبہ لفظ تلاش کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ سب سے بڑھ کر خزائن الہدایت میں مکمل قرآن شریف مع اردو ترجمہ کنزالایمان (از علامہ و مولانا اعلیٰ حضرت امام اہلسنت احمد رضا خان فاضل بریلوی رحمۃ اللہ تعالی علیہ)، تفسیر خزائن العرفان (از صدر الافاضل حضرت نعیم الدین مراد آبادی رحمۃ اللہ تعالی علیہ) اور انگریزی ترجمہ کنزالایمان (از شاہ فرید الحق) کا شامل کیا گیا ہے۔

کمپیوٹر کی صفائی نصف رفتار ہے
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/3pZwlaN
ہم مسلمانوں کے نزدیک صفائی نصف ایمان ہے لیکن اگر کمپیوٹر کی کارکردگی کی بات کی جائے تو کہا جاسکتا ہے کہ کمپیوٹر کے لیے ''صفائی نصف رفتار ہے۔'' کمپیوٹر استعمال کرنے والے جو بھی استعمال کنندگان کمپیوٹر کی صفائی کا خیال رکھتے ہیں وہ کبھی کمپیوٹر کی کارکردگی کے حوالے سے کوئی شکایت کرتے دکھائی نہیں دیتے۔ کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک، میموری اور رجسٹر ی سے غیرضروری مواد کی صفائی کے لیے عموماً جو پروگرام استعمال کیے جاتے ہیں انہیں ''سسٹم کلینر'' کہا جاتا ہے۔ یہ سسٹم کلینر کمپیوٹر میں موجود تمام غیرضروری مواد اور کچرے کو صاف کرکے کمپیوٹر کی رفتار اور کارکردگی میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ دنیا بھر میں ''سی سی کلینر'' اس حوالے سے سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سسٹم کلینر ہے۔

سی سی کلینر کی افادیت سے ہمیں بھی انکار نہیں لیکن ہمارا مشورہ ہے کہ ایک بار آپ ''کلین ماسٹر''(Clean Master) کو اپنے کمپیوٹر میں صفائی کرنے کا موقع فراہم کریں پھر آپ بھی اسے ہماری طرح سی سی کلینر سے بہتر پائیں گے۔ ''کلین ماسٹر'' کی خوبیاں اور خوب صورتی کو آپ سی سی کلینر کے مقابلے میں ایک قدم آگے پائیں گے۔ ''کلین ماسٹر'' کا اینڈرائیڈ ورژن دنیا بھر میں انتہائی مقبول ہے جسے اب تک 900 ملین سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے جس سے آپ اس کی قابلیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ ''کلین ماسٹر'' کا تازہ ورژن بے شمار اضافی خوبیوں سے لیس ہے۔

یہ پروگرام آپ کے کمپیوٹر میں غیرضروری خفیہ طور پر چلنے والے پروگراموں کو بھی روکتا ہے اور اگر آپ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو اُس پر بھی بڑی گہری نظر رکھتا اور اس کی وہ اضافی خوبی جو اسے دیگر تمام سسٹم کلینرز سے ممتاز بناتی ہے وہ یہ ہے کہ دنیائے انٹرنیٹ سے ایسی کوئی چیز آپ کے کمپیوٹر میں داخل ہونے نہیں دیتا جس کی وجہ سے آپ کے کمپیوٹر کی کارکردگی یا رفتار میں کسی طرح کی بھی کمی آئے۔ اسے آپ بیک وقت اپنے کمپیوٹر اور اسمارٹ فون میں مفت میں ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کرسکتے ہیں۔ اپنی انہی دل فریب خوبیوں کی وجہ سے اسے2021 کا ممکنہ طور پر ایک بہترین ''سسٹم کلینر'' کا قرار دیا جاسکتا ہے۔

پرانے موبائل فون کو سیکیوریٹی کیمرے میں تبدیل کریں
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/2gMpjnV
اگر آپ کے پاس ایک پرانا ویب کیم یا آئی پی کیمرا یا پھر اگر کیمرے والا کوئی بھی پرانا موبائل فون موجود ہے جو کافی عرصے سے آپ کے استعمال میں بھی نہیں تو پھر دیر نہ کریں جلد ی سے اُسے اپنی میز کی دراز سے نکال لیں کیوں کہ اب وقت آگیا ہے کہ آپ اپنے اس پرانے ویب کیم یا موبائل فون کیمرے کی مدد سے اپنا ذاتی سیکیوریٹی سسٹم بنا سکتے ہیں اور وہ بھی بنا کسی تیکنیکی مہارت یا ایک بھی پیسہ خرچ کیے بغیر۔ آپ حیران نہ ہوں یہ بالکل سچ ہے اگر آپ کو ہماری بات پر یقین نہیں آرہا تو کوئی بات نہیں ہمیں حسنِ ظن ہے کہ آپ آئی ویڈیون (Ivideon) نامی سافٹ ویئر کی خوبیاں جاننے کے بعد یقین کر لیں گے۔ آئی ویڈیون ایک کلاؤڈ ویڈیو سیکیوریٹی سرویلنس سافٹ ویئر ہے۔



آپ اس سافٹ ویئر کو درج بالا مختصر لنک سے ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کر نے کے بعد، اپنے کسی بھی پرانے ویب کیم یا موبائل فون کو اپنے کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کردیں۔ یہ انتہائی خود کار طریقے سے آپ کے ویب کیم یا موبائل کیمرے کو سیکیوریٹی سرویلینس سسٹم میں بدل دے گا اور پھر آپ اپنے کمپیوٹر میں کیمرے کے سامنے ہونے والی تمام حرکات وسکنات کو ملاحظہ فرماسکیں گے۔ اس کے علاوہ یہ تمام ویڈیو فوٹیج کو کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک میں محفوظ بھی کرتا رہے گا جسے آپ بوقت ضرورت نہ صرف دیکھ سکتے ہیں بلکہ اگر چاہیں تو ڈیلیٹ بھی کر سکتے ہیں۔

اس سافٹ ویئر کی ایک اور خوبی یہ بھی اگر آپ کے پاس ایسا لیپ ٹیپ موجود ہے جس میں پہلے ہی سے ویب کیمرا لگا ہوا ہے تو پھر آپ نے بس اس سافٹ ویئر کو اپنے لیپ ٹاپ میں انسٹال کرنا ہے۔ اس کے بعد آپ کا لیپ ٹاپ بھی ایک خودکار سیکیوریٹی سسٹم میں تبدیل ہوجائے گا۔ اب آپ نے صرف کرنا یہ ہے کہ لیپ ٹاپ کو آن(On) رکھنا ہے۔ جہاں بھی لیپ ٹاپ موجود ہوگا اُس میں لگا ہوا ہے ویب کیم ارد گرد کی تمام ویڈیوز لیپ ٹاپ میں محفوظ کرتا رہے گا اور اگر آپ چاہیں تو اپنے اس لیپ ٹاپ کے ساتھ ایک یا دو مزید کیمرے بھی منسلک کر سکتے ہیں۔

یہ سافٹ ویئر تمام منسلک کیمروں کے ساتھ بالکل ویسے ہی کام کرے گا جیسے دنیا کا کوئی بھی سیکیوریٹی سرویلنس سسٹم کرتا ہے۔یہ سافٹ ویئر مفت میں بیک وقت2 کیمرے منسلک کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اگر آپ2 سے زیادہ کیمرے اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے ساتھ منسلک کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے یہ آپ سے ماہانہ فیس طلب کرے گا، لیکن بہرحال ایک یا دو کیمروں کے لیے یہ مفت میں انتہائی اعلٰی معیار کی خدمات و سہولیات آپ کو فراہم کرسکتا ہے۔

اگر آپ چاہیں تو اپنی فوٹیج کو چوبیس گھنٹے کے لیے اس سافٹ ویئر کی آفیشل ویب سائیٹ پر محفوظ بھی کرسکتے ہیں۔ ہمارے خیال میں اگر آپ صرف اپنے ایک یا دو پرانے ویب کیم یا موبائل کی مدد سے اپنے ذاتی آن لائن سیکیوریٹی سسٹم کا خوش گوار تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے یہ سافٹ ویئر آپ کے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔

اپنے نئے گھر کا نیا نقشہ خود ہی بنائیں
ڈاؤن لوڈ لنک : https://bit.ly/3rWLZp3
کیا کبھی آپ کو خواہش ہوئی ہے کہ آپ اپنے گھر کا نقشہ خود تیار کریں؟ کمرے خود ڈیزائن کریں؟ ڈرائنگ روم خود بنائیں؟ حتٰی کہ گھر کا مکمل فلور پلان بھی آپ کی ہی مرضی کا ہو؟ غالب امکان ہے کہ اگر آج سے پہلے آپ نے کبھی اپنے گھر کا نقشہ کمپیوٹر پر بنانے کی کوشش کی بھی ہوگی تو اس کے لیے کئی طرح کے تھری ڈی قسم کے سافٹ ویئر ضرور استعمال کیے ہوں گے اور ہوسکتا ہے اُن میں سے کئی ایک سافٹ ویئر اتنے پیچیدہ اور مشکل ہوں کہ آپ نے نقشہ بنانے کا خیال سرے سے ترک ہی کردیا ہو۔

لیکن پلینر فائیوڈی اپنے پیش رو ہر سافٹ ویئرز سے کافی مختلف واقع ہوا ہے، جسے استعمال کرکے آپ انتہائی سہولت کے ساتھ اپنے نئے گھر یا دُکان کا نقشہ کچھ ہی منٹوں میں بنا سکتے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سافٹ ویئر کی مدد سے آپ فلور پلان، انٹریئر ڈیزائننگ وغیرہ بھی چند کلکس سے کر سکتے ہیں، جب کہ اس سافٹ ویئر کی گیلری میں پہلے ہی سے موجود خوب صورت نقشوں کے ڈیزائن اور انٹریئر ڈیزائننگ کے لیے فرنیچر، پردے اور دیگر لوازمات بھی موجود ہیں۔ اس میں تیار کیے گئے نقشے کو آپ اپنے دوست، احباب کے ساتھ شیئر کر کے اُن کی گراں قدر آراء بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ صرف یہی نہیں اس سافٹ ویئر میں اور بھی بہت سے خوبیاں دست یاب ہیں اور وہ بھی بالکل مفت میں۔

وائرس کے خلاف پہلی دفاعی لکیر
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/2BwQL1g
ایک زمانہ وہ بھی تھا کہ جب گھر سے کوئی فرد کسی طویل سفر کے لیے نکلتا تھا تو اُس کے پیارے، اُس کے بازو پر تعویز باندھ دیتے تھے تاکہ حفاظت کا کچھ تو بندوبست ہوسکے۔ اب نہ وہ زمانہ رہا اور نہ خیال رکھنے والے وہ خوش عقیدہ لوگ۔ لیکن سفر ہمیں درپیش ہے دنیا بھر کا۔ یعنی انٹرنیٹ پر دنیا کے قریہ قریہ، نگرنگر کی سیر کرنے والوں کو آخر اپنی حفاظت کا کچھ تو بندوبست کرنا چاہیے، کیوںکہ دنیائے انٹرنیٹ میں ایک سے بڑھ کر ایک دشمنِ جاں یعنی ہیکر موجود ہے، جو ''رینسم ویئر'' وائرس کے ذریعے آپ کو کنگال اور ''بلیووہیل گیم'' کے ذریعے آ پ کی جان تک بھی لے سکتا ہے۔

مگر آپ گھبرائیں نہیں ہم آپ کو گذشتہ برس2020 میں راج کرنے والا ایک ایسا اینٹی وائرس بتاتے ہیں جسے انسٹال کرنے کے بعد آپ کا کمپیوٹر اور اسے استعمال کرنے والے آپ کے تمام پیارے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے محفوظ و مامون ہوجائیں گے۔ اس اینٹی وائرس پروگرام کا نام ''اے وی جی فری بیٹا'' ہے۔ اے وی جی دنیا کی مشہور ترین سیکیوریٹی سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی ہے۔ یوں تو اس کمپنی کے بنائے گئے اور بھی بے شمار اینٹی وائرس سافٹ ویئر اپنے صارفین سے مقبولیت کی سند حاصل کرچکے ہیں لیکن ''اے وی جی فری بیٹا'' بطور خاص آن لائن ہیکرز حملوں، رینسم ویئر، اسپائی ویئرز سے تحفظ کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ استعمال میں انتہائی سادہ اور تحفظ میں بے مثال ہے۔ یہ آپ کے کمپیوٹر کو متاثرہ ای میلز، اٹیچمنٹ فائلوں، ڈاؤن لوڈ اور آلودہ ویب سائیٹ سے مکمل تحفظ فراہم کرے گا۔ آزمائش شرط ہے۔


سارے کمپیوٹر آپ کے ہیں
ڈاؤن لوڈ لنک : https://bit.ly/2zZ76j0
''ٹیم ویور13'' ایک سادہ، تیز اور محفوظ ترین کمپیوٹر کنٹرول کرنے والا سافٹ ویئر ہے جس کی مدد سے آپ دنیا بھر میں موجود کسی بھی کمپیوٹر کو چند سیکنڈز میں اپنے کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کرکے بالکل ویسے ہی اُس میں بھی تمام اُمور انجام دے سکتے ہیں جیسے آپ اپنے کمپیوٹر میں انجام دیتے ہیں۔ یہ سافٹ ویئر اُس وقت بہت زیادہ فائدہ مند ہوسکتا ہے کہ آپ اپنے دفتر میں موجود ہیں اور آپ کے گھر میں رکھا ہوا کمپیوٹر خراب ہوگیا لیکن گھر میں موجود کسی شخص کو کمپیوٹر کی اُن مبادیات کا علم نہیں جن کی مدد سے وہ کمپیوٹر ٹھیک کر کے اپنا ضروری کام کرسکے۔

اس سافٹ ویئر کی مدد سے آپ اپنے اُس کمپیوٹر سے منسلک ہوکہ نہ صرف اُسے درست کرسکتے ہیں بلکہ اگر چاہیں تو اُس کمپیوٹر میں موجود فائلوں کو اپنے آفس والے کمپیوٹر میں کاپی بھی کرسکتے ہیں۔ ''ٹیم ویور13' آپ کو کسی بھی کمپیوٹر پر مکمل کنٹرول فراہم کرتا ہے اور اگر آپ چاہیں تو اس کے ذریعے آپ اپنے کمپیوٹر کو کسی دوسرے شخص کے کنٹرول میں بھی دے سکتے ہیں۔ بس ایک بات کا خیال رہے کہ کسی انجان شخص کو ''ٹیم ویور13'' کے ذریعے اپنے کمپیوٹر پر کنٹرول کی دعوت مت دیں کیوںکہ ہوسکتا ہے کہ وہ آپ کے کمپیوٹر کو غلط استعمال میں لائے اور آپ کو خبر بھی نہ ہو۔ اس لیے جس شخص پر آپ کو مکمل اعتماد اور بھروسا ہو صرف اُسے ہی ''ٹیم ویور13' میں اپنے کمپیوٹر کا بنایا گیا یوزر نیم اور پاس ورڈ دیں۔

اسمارٹ فون کی تمام ایپلی کیشن کو اپنے کمپیوٹر پر چلائیں
ڈاؤن لوڈ لنک : https://bit.ly/2JLnpWP
بلاشبہہ اینڈرائیڈ موبائل فون پر دست یاب اپلی کیشنز، کمپیوٹر کے لیے دست یاب سافٹ ویئرز کے مقابلے میں نہ صرف دیدہ زیب، جاذب نظر اور استعمال میں آسان ہوتی ہیں بلکہ کثیر تعداد میں گوگل پلے اسٹور پر دست یاب بھی ہیں، جب کہ اینڈرائیڈ گیمز کی تو بات ہی کیا ہے۔ آج کل ہر نیا گیم سب سے پہلے موبائل اپلی کیشن کی صورت میں منظرعام پر آتا ہے۔

ایسے میں کیا کبھی آپ کے ذہن میں یہ خیال آیا ہے کہ اسمارٹ فونز میں موجود تمام موبائل اپلی کیشنز آپ کے کمپیوٹر پر بھی استعمال کے لیے دست یاب ہوجائیں۔ بظاہر یہ خیال کچھ اچھوتا اور انوکھا سا ہی لگتا ہے لیکن اگر آپ درج بالا بلیو اسٹاک سافٹ ویئر اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کرلیں تو یقین مانیے کہ آپ اپنے اینڈرائیڈ موبائل فون میں موجود ہر موبائل اپلی کیشن کو انتہائی آسانی اور سہولت کے ساتھ اپنے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر بھی چلاسکیں گے۔ خاص طور پر اینڈرائیڈز گیمز کو کمپیوٹر کی بڑی اسکرین پر کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔

ایچ ڈی ویڈیو کنورٹر فیکٹری
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/2APMIBd
''ایچ ڈی ویڈیو کنورٹر فیکٹری11' نے 2020 میں ثابت کیا ہے کہ ویڈیو کنورٹرز کے میدان میں دنیائے انٹرنیٹ میں دور دور تک اس کا کوئی بھی مدمقابل نہیں اور یہ بات ہم نہیں کہتے بلکہ دنیا بھر میں مفت سافٹ ویئر فراہم کرنے والی پانچ سب سے بڑی کمپنیاں کہہ رہی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے ''ایچ ڈی ویڈیو کنورٹر فیکٹری11'' جو کچھ اپنے صارفین کو مفت میں فراہم کرتا ہے بڑی بڑی ویڈیو کنورٹر سافٹ ویئر کمپنیاں پیسے لے کر بھی وہ سہولیات یا خدمات اپنے استعمال کنندگان کو فراہم نہیں کرتیں۔

حقیقت یہ ہے کہ یہ سافٹ ویئر بھی 2017 سے پہلے اپنی خدمات منہ مانگی رقم کے عوض ہی فراہم کرتا تھا، لیکن نہ جانے اس کمپنی کی انتظامیہ کے من میں کیا سمائی کہ اس نے گذشتہ تین برسوں سے اس سافٹ ویئر کو بالکل مفت کردیا ہے۔ تفصیل میں جائے بغیر ہم تو آپ کو صرف یہی مشورہ دیں گے کہ آپ جلدازجلد اس سافٹ ویئر کو ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کر لیں۔ خدا جانے اس کمپنی کی انتظامیہ کب دوبارہ اس بے مثال سافٹ ویئر کو قیمتاً فروخت کرنا شروع کردے۔

حوالہ جات کی ڈیجیٹل ڈائری
ڈاؤن لوڈ لنک : https://bit.ly/3ojSQXo
اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو اکثر وبیشتر مقالہ جات یعنی تھیسس لکھنے ہی پڑتے ہیں۔ یاد رہے کہ جامعات میں تعلیمی سند کے حصول کے لیے لکھے جانے والے مقالوں کے لیے ریفرینسز جنہیں اُردو زبان میں کتابیات یا حوالہ جات کہا جاتا ہے، ازحد ضروری ہوتے ہیں۔ کوئی بھی مقالہ اُس وقت تک مکمل اور قابلِ قبول قرار نہیں دیا جاسکتا جب تک کہ اُس میں مستند حوالہ جات، ترتیب وار انداز میں شامل نہ ہوں۔ کسی بھی مقالے میں حوالہ جات کا اندراج ایک وقت طلب اور مشکل کام ہوتا ہے۔ خاص طور پر اگر مقالہ کمپیوٹر پر لکھا جارہا ہے تو اس کی تدوین و ترتیب مزید مشکل ہوجاتی ہے۔

لیکن زوٹیرو سافٹ ویئر کی موجودگی میں اَب یہ مشکل بھی آسان ہوگئی ہے، کیوںکہ زوٹیرو ایک بہترین قسم کا ریفرنس مینجمنٹ سوفٹ ویئر ہے، جس کا بنیادی وظیفہ ہی مقالہ جات، مضامین اور مختلف طرح کے پروجیکٹس کے حوالہ جات خودکار انداز میں مرحلہ وار ترتیب میں یک جا اور منظم کرنا ہے۔ اس سافٹ ویئر کے استعمال سے طلباء و طالبات مقالوں کی تیاری کم وقت میں انتہائی سرعت کے ساتھ انجام دے سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ زوٹیرو آپ کے مختلف پروجیکٹس کے لیے ایک آن لائن فولڈر تشکیل دے کر کام کرتا ہے، جس کے بعد آپ ایک ہی کلک سے اپنے مقالے میں متعدد اقسام کے حوالہ جات شامل کرسکتے ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ زوٹیرو مقالہ جات و مضامین کے علاوہ ویب سائٹ، ای بک یا دیگر کسی بھی انداز میں لکھے گئے مواد کے لیے ریفرنسز کو منظم کرنا سہل بنادیتا ہے۔

پاس ورڈ کی تجوری
ڈاؤن لوڈ لنک : https://bit.ly/2Xhz5Ux
کبھی کبھی پیچیدہ پاس ورڈ استعمال کرنا الجھن اور بوجھل ہوتا ہے۔ لاگو مینس ایک ایسا سیکیوریٹی سافٹ ویئر ہے، جسے آپ پاس ورڈ کی تجوری بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہ سافٹ ویئر آپ کے کمپیوٹر اور فون پر فنگر پرنٹ لاگ ان، فوٹو لاگ ان یا پن لاگ ان کو دوسرے آلات سے لاگ ان منظور کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے تاکہ آپ چاہیں تو مکمل طور پر پاس ورڈ فری ہوسکیں۔ یہ سافٹ ویئر آپ کو اپنے دوسرے تمام پاس ورڈ تک رسائی کے لیے فقط ایک پاس ورڈ استعمال کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ نیز اس سافٹ ویئر کی مدد سے آپ پیچیدہ پاس ورڈ بھی بنا سکتے ہیں۔

جب کہ یہ آپ کے تمام پاس ورڈز کو بھی یاد رکھتا ہے اور آپ کو انہیں کبھی یاد رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ویسے تو یہ سافٹ ویئر سب ہی کے لیے کارآمد ہے لیکن وہ افراد جنہیں یادداشت کے مسائل لاحق ہیں اُن کے لیے یہ ایک لازمی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ لاگ مینس سافٹ ویئر ونڈوز اور میک دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔

ڈیلیٹ فائلوں کی واپسی ممکن بنائیں
ڈاؤن لوڈ لنک : https://bit.ly/3hHBYY8
کبھی اچانک اگر آپ کی یوایس بی یعنی فلیش ڈرائیو کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کرنے کے بعد یہ پیغام نظر میں آئے کہ یو ایس بی فلیش ڈرائیو خراب ہوچکی ہے یا اسے استعمال کرنے سے پہلے فارمیٹ کرنا ضروری ہے تو یقیناً آپ کا پریشان ہونا تو بنتا ہی ہے، کیوںکہ آپ کی یوایس بی میں فلیش ڈرائیو میں ضروری فائلیں اور دیگر اہم ڈیٹا وغیرہ ہوگا، جنہیں آپ نے یوایس میں حفاظت کی غرض سے ہی رکھا ہوگا۔ اَب اگر یوایس بی ہی خراب ہوجائے تو پھر آپ کا اہم ترین ڈیٹا کہاں بچ پائے گا۔ ایسی مخدوش صورت حال میں ''منی ٹول پاور ڈیٹا ریکوری'' نامی سافٹ ویئر آپ کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں ہوگا۔ اس سافٹ ویئر کی سب سے خاص با ت ہی یہ ہے کہ آپ کی یوایس بی ڈرائیوز سے ڈیلیٹ شدہ فائل آپ کو واپس ریکور کر کے دے دیتا ہے۔

نیز اس سافٹ ویئر کی مدد سے آپ اپنے میموری کارڈ سے حذف ہونے والا قیمتی ڈیٹا بھی دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ کارآمد ترین سافٹ ویئر خراب پارٹیشن کی درستی، گم شدہ پارٹیشن کی واپسی، ڈیجیٹل میڈیا کی ریکوری وغیرہ جیسی خدمات بھی بوقت ضرورت مفت میں فراہم کرسکتا ہے۔

اپنے اسمارٹ فون کو کمپیوٹر کا ریموٹ کنٹرول بنائیں
ڈاؤن لوڈ لنک : https://bit.ly/3rYtlwU
یونی فائیڈ ریموٹ سافٹ ویئر ایک ایسا عجیب و غریب اور کارآمد سافٹ ویئر ہے جو آپ کے اسمارٹ فون کو کمپیوٹر کے ریموٹ کنٹرول میں تبدیل کرسکتا ہے۔ جی ہاں! یہ بالکل سچ ہے۔ آپ اپنے اسمارٹ فون سے دور بیٹھ کر، کمپیوٹر پر نہ صرف فلمیں چلاسکتے ہیں، بلکہ فائلز اور فولڈر کھول اور بند بھی کرسکتے ہیں، جب کہ کمپیوٹر کا کی بورڈ بھی اسمارٹ فون سے استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر کو لاک، سلیپ اور شٹ ڈاؤن بھی کرسکتے ہیں۔ یعنی اَب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنے اسمارٹ فون کو کب اپنے کمپیوٹر کا ریموٹ کنٹرول بناتے ہیں۔

کیا کہا؟ ذرا پھر سے کہیے!! اچھا تو ابھی بنانا چاہتے ہیں تو پھر دیر کیوں کر رہے ہیں۔ بلا کسی تاخیر درج بالا لنک سے یہ سافٹ ویئر اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کرلیں۔ لیکن ذہن نشیں رہے کہ یہ سافٹ ویئر کمپیوٹر پر انسٹال کرنے کے بعد اس کی ایپ اپنے اسمارٹ فون پر بھی انسٹال کرنا ہوگی۔

تب ہی آپ اسمارٹ فون کو کمپیوٹر کے ریموٹ کنٹرول میں بدل سکیں گے۔ اس پروگرام کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ کمپیوٹر اسکرین کو براہ راست آپ کے اسمارٹ فون پر دکھاتا ہے، جس کی وجہ سے آپ کے لیے کمپیوٹر کو موبائل فون سے چلانا بے حد آسان ہوجاتا ہے۔ یاد رہے کہ جب آپ اس سافٹ ویئر کو اپنے کمپیوٹر پر انسٹال کرلیں گے تو انسٹالیشن کے دوران تین آپشن آپ کے سامنے آئیں گے۔ پہلا آپشن UAC جو کہ اس پروگرام کے بنانے والوں کی جانب سے تجویز کردہ ہے، منتخب کرنا ہوگا۔ ویسے آپ اپنی ضرورت کے مطابق کوئی دوسرا آپشن بھی استعمال کرسکتے ہیں، لیکن پہلے آپشن کا استعمال زیادہ سود مند ثابت ہوگا۔

بڑی فائلوں کے بڑے مسائل کا مختصر حل
ڈاؤن لوڈ لنک : https://bit.ly/3hMmYbs
بڑی فائلوں کے مسئلے بھی ہمیشہ بڑے ہی ہوتے ہیں، خاص طور پر اگر بڑی فائل کو ایک کمپیوٹر سے کسی دوسرے کمپیوٹر یا موبائل فون پر یا پھر انٹرنیٹ پر کسی کو ای میل وغیرہ کرنا ہوتو بڑی فائل کی منتقلی پریشانی کا سبب بھی بن سکتی ہے، لیکن اگر آپ کے کمپیوٹر میں ایچ جے اسپلٹ (HJSplit) سافٹ ویئر موجود ہے تو پھر آپ کو قطعاً پریشان ہونے کی ضرور ت نہیں ہے، کیوںکہ اس سافٹ ویئر کی مدد سے کسی بھی فائل کو جتنے حصوں میں چاہیں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔

یوں سمجھ لیجیے کہ اس سافٹ ویئر کی مدد سے آپ ایک جی بی کی فائل کو توڑ کر اس کے سو سو ایم بی کے دس ٹکڑے بناسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں آپ اپنی فائل کے جس سائز کے چاہیں حصے کر سکتے ہیں۔ اس سافٹ ویئر کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے کمپیوٹر میں انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں، کیوںکہ اس پورٹ ایبل ورژن دست یاب ہے۔ بس اسے درج بالا لنک سے ڈاؤن لوڈ کریں اور اسے اپنے استعمال میں لائیں۔ ونڈوز کے تمام آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ مطابقت رکھنے والا یہ منفرد سافٹ ویئر 10Gb تک کی بڑی فائل کو حصے، بخروں میں بانٹ کر کہیں بھی، کسی بھی جگہ اُس کی منتقلی کو آسان بناسکتا ہے۔
Load Next Story