پاکستانی پلیئرزشاہدآفریدی کا عالمی ریکارڈ ٹوٹنے پر افسردہ

عمراکمل نے ملک کودوبارہ تیزترین ون ڈے سنچری کااعزازدلانے کیلیے کمر کس لی

عمر اکمل کو ابتدائی نمبرز پر بیٹنگ کا موقع دیا جائے تو وہ یہ اعزاز اپنے نام کر سکتے ہیں،ہمایوں فرحت۔ فوٹو : فائل

موجودہ اور سابق پاکستانی کھلاڑی ہم وطن شاہد آفریدی کا عالمی ریکارڈ ٹوٹنے پر افسردہ نظر آتے ہیں، البتہ انھیں یقین ہے کہ کورے اینڈرسن بھی زیادہ عرصے تک یہ اعزاز اپنے پاس نہیں رکھ سکیں گے، عمر اکمل نے بھی اس کارنامے کو انجام دینے کیلیے کمر کس لی ہے۔

گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نمائندہ ''ایکسپریس''سے بات چیت کرتے ہوئے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے کہا کہ 17برس تک قائم آفریدی کا عالمی ریکارڈکیوی بیٹسمین کے ہاتھوں ٹوٹ جانے کا افسوس تو ہے لیکن پُر امید ہوں کہ یہ زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکے گا،کوئی نہ کوئی پاکستانی اسے بھی توڑنے میں کامیاب ہو جائے گا، انھوں نے کہا کہ میں ملک کا نام روشن کرنے کا عزم لیے میدان میں اترتا ہوں، کم گیندوں پر سنچری کا عالمی ریکارڈ پاکستان کو واپس دلانے کی کوشش کروں گا۔اوپنر توفیق عمر نے کہا کہ کرکٹ میں ہر دن نیا دن ہوتا ہے۔




اس لیے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ریکارڈ بنانے میں کون کامیاب ہوگا،میری رائے میں یہ ایک مشکل ہدف ہے تاہم ویسٹ انڈیز کے کرس گیل یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا کہ 36 گیندوں پر 100 رنز بنانا آسان نہیں اس لیے مجھے یہ ریکارڈ مستقبل قریب میں ٹوٹتا نظر نہیں آتا، البتہ اگر کوئی یہ ریکارڈ توڑ سکتا ہے تو وہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ہیں۔ وکٹ کیپر ہمایوں فرحت نے کہا کہ عمر اکمل کو ابتدائی نمبرز پر بیٹنگ کا موقع دیا جائے تو وہ یہ اعزاز اپنے نام کر سکتے ہیں۔
Load Next Story