ملک میں کورونا ویکسین لگانے کے انتظامات مکمل

کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کیلئے عملے کی ٹریننگ کا عمل مکمل ہوگیا

 کورونا وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے پہلے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں: فوٹو: فائل

کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کیلئے عملے کی ٹریننگ کا عمل مکمل ہوگیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکا اجلاس لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے سیکرٹریزاورصحت حکام نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا ویکسین لگانے کیلئے ٹیچنگ اسپتالوں ، تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کے عملے کی تربیت کا عمل تقریبا مکمل کرلیا گیا جبکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے پہلے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


این سی اوسی کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس او پیز پرعمل درآمد نہ کرنے والوں پربڑی تعداد میں جرمانے عائد کیے گئے ہیں جبکہ ایس او پیزکی تعمیل نہ کرنے پرریستوران ، دکانیں اورکاروباری مراکزبھی بند کیے گئے ہیں۔ تمام غیرملکی مسافروں خصوصا برطانیہ اورجنوبی افریقا سے آنے والے مسافروں کی ٹیسٹنگ کی جارہی ہے۔

ٹیسٹ مثبت آنے والے مسافروں کو قرنطینہ کیا جا رہا ہے۔ این سی اوسی میں کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسینیشن کے مکمل طریقہ کار، اس کی دستیابی اورتقسیم کے عمل پر بھی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ حکومت ویکسینیشن کرنے والے عملے کا ریکارڈ اپنے پاس رکھے گی۔ جبکہ بیرون ملک سفرکرنے والے مسافروں کو ویکسین لگائے جانے کی ایک قانونی دستاویزفراہم کرنا ہوں گی۔
Load Next Story