وزیراعلیٰ کے چیمبر میں چوہوں اور ہائیکورٹ میں کتوں کی بھرمار کیخلاف درخواست پر جج برہم

ایسی غیر ضروری درخواست مت لگائیں، عدالت کا برہمی کا اظہار

ایسی غیر ضروری درخواست مت لگائیں، عدالت کا برہمی کا اظہار . فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ سندھ کے چیمبر میں چوہوں اور ہائی کورٹ میں کتوں کی بھرمار پر عدالت درخواست گزار پر برہم ہوگئی اور کہا ہے کہ کیا یہ معاملہ عدالت میں لانے والا ہے؟

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو وزیراعلیٰ سندھ کے چیمبر میں چوہوں کی بھرمار سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

محمود اختر نقوی نے مؤقف دیا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے چیمبر میں چوہوں کے ڈیرے ہیں جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے درخواست گزار پر برہم ہوتے ہوئے ریمارکس دیئے یہ کیا بات ہوئی، کیا یہ معاملہ ہمارے سامنے لانے والا ہے، اگر ایسا کچھ ہے بھی تو کیا ہم اس پر کارروائی کریں گے، غیر ضروری موضوع پر درخواست مسترد کر دیں گے۔


محمود اختر نے مؤقف دیا کہ وزیراعلیٰ چیمبر سے متعلق الفاظ واپس لیتا ہوں، میری درخواست میں دوسرا نکتہ بھی اہم ہے، سندھ ہائیکورٹ میں کتوں کی بھرمار ہے، 60، 70 کتے سندھ ہائی کورٹ میں آوارہ گھوم رہے ہیں۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ سندھ ہائیکورٹ سے متعلق ہم سے کیا فیصلہ لینا چاہتے ہیں، بلدیات کو کہہ کر بھی یہ کام ہو سکتا ہے، عدالت میں ایسی غیر ضروری درخواست مت لگائیں۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ عدالتی حکم پر درخواست میں ترمیم کر دیتا ہوں، عدالت نے محمود اختر نقوی کو درخواست سے غیر ضروری نکات نکالنے کی ہدایت کردی۔
Load Next Story