فیس بک نے کورونا ویکسین سے متعلق اسرائیلی وزیر اعظم کی پوسٹ ڈیلیٹ کردی

صارفین کی ذاتی طبی معلومات طلب کرنے پر پیج کی چیٹ بوٹ کی سہولت سے بھی ایک ہفتے کے لیے معطل کردی گئی


ویب ڈیسک January 25, 2021
فیس بک کے مطابق نیتن یاہو کے پیج پر قواعد کی خلاف ورزی کی وجہ سے اقدام کیا گیا(فوٹو، فائل)

فیس بک نے طبی معلومات سے متعلق اپنی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر اسرائیلی وزیر اعظم کے آفیشل پیج کی ایک پوسٹ ڈیلیٹ کردی اور اس پر چیٹ بوٹ کی سہولت بھی بند کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو کے آفیشل فیس بک پیج پر ایک پوسٹ شائع کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پیج کو فالو کرنے والے اسرائیلی شہری تاحال کورونا ویکسین نہ لگوانے والے اپنے عزیز رشتے داروں کی معلومات اس پیج پر فراہم کردیں۔

پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم ایسے افراد کو کال کرکے انہیں ویکسین لگوانے پر آمادہ کریں گے۔ تاہم فیس بک اسرائیل ک مطابق فیس بک کی نجی طبی معلومات سے متعلق ہدایات کی خلاف ورزی کے باعث یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی گئی۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے تحت ہم ایسی کسی بھی پوسٹ کی اجازت نہیں دیتے جس میں صارفین کی ذاتی طبی معلومات طلب کی گئی ہو۔

مقامی میڈٰیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے پیج پر رابطہ کرنے والوں کو جواب دینے ولا خود کار چیٹ بوٹ بھی ایک ہفتے تھے معطل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے فیس بک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسرائیلی وزیر اعظم کے اکاؤنٹ سے متعلق کوئی کارروائی سامنے آئی ہے۔

اس سے قبل 2017 کے انتخابات میں نیتن یاہو کے پیج پر عربوں کے خلاف نفرت انگیز بیان پر چیٹ بوٹ کو دو بار معطل کیا جاچکا ہے۔ تاہم اس وقت نیتن یاہو کی جماعت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیر اعظم کا ان پوسٹوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں