پاکستان اور بھارت کے درمیان انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل 4 جنوری کو شارجہ میں ہوگا

سیمی فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 2 وکٹوں سے شکست دی اور بھارت نے سری لنکا کیخلاف 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی


ویب ڈیسک January 02, 2014
سیمی فائنل میں شاہینوں نے افغانستان کیخلاف 48.2 اوور میں 8 وکٹوں پر196 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ فوٹو:فائل

پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل 4 جنوری کو شارجہ میں ہوگا۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے افغانستان اور بھارت نے سری لنکا کو شکست دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 196 رنز بنائے، افغانستان کی جانب سے شاہد اللہ اور احسان اللہ نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 43 کے اسکور پر احسان اللہ 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، جس کے بعد یکے بعد یگرے وکٹیں گرتی چلی گئی، مڈل آرڈر بیٹسمین وحیداللہ شفق نے 48 اور حشمت اللہ 51 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، پاکستان کی جانب سے کرامت علی نے 33 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان سعید نے 3 اور ظفر گوہر2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

جواب میں شاہینوں نے 48.2 اوور میں 8 وکٹوں پر 196 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور 4 کے اسکور پر شایان جہانگیر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کپتان سمیع اسلم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز بنائے، امام الحق 42، حسن رضا جونیئر 33،حسین طلعت 22 رنز بنا سکے اس کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں شامل نہ ہوسکا ۔

دوسری جانب بھارت اور سری لنکا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 223 رنز بنائے، جواب میں بھارت نے 3 وکٹوں پر ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ سیمی فائنل میں کامیاب پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل 4 جنوری کو شارجہ میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں