برطانیہ میں کورونا ویکسین پلانٹ میں مشکوک پیکٹ کی موجودگی سے کھلبلی

اب تک معلوم نہیں ہوسکا کہ مشکوک پیکٹ میں کیا تھا اور یہ کس نے بھیجا تھا


ویب ڈیسک January 28, 2021
برطانوی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر یہ پیکٹ اپنی تحویل میں لے لیا۔ (تصاویر: سوشل میڈیا)

برطانیہ میں کورونا ویکسین بنانے والے ایک پلانٹ میں گزشتہ روز مشکوک پیکٹ کی اطلاع پر روکا جانے والا کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے اور وہاں کورونا ویکسین کی پیداوار معمول کے مطابق جاری ہے۔

نارتھ ویلز میں واقع ووکہارٹ (Wockhardt) نامی ادارے کے اس پلانٹ میں برطانوی کمپنی ''ایسٹرازینیکا'' کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی صنعتی پیداوار جاری ہے۔

گزشتہ روز مشکوک پیکٹ موصول ہونے پر اس پلانٹ میں کام روک دیا گیا تھا اور تمام ملازمین کو پلانٹ سے باہر نکال دیا گیا تھا۔

برطانوی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر فوری کارروائی کرتے ہوئے یہ پیکٹ اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے اپنے ساتھ لے گئے۔

مشکوک پیکٹ میں سے کیا برآمد ہوا؟ اس بارے میں برطانوی میڈیا اور سیکیورٹی ادارے اب تک خاموش ہیں، جبکہ کسی مقامی یا عالمی دہشت گرد تنظیم نے بھی اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ووکہارٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مشکوک پیکٹ ملنے کے بعد ویکسین کی پیداوار میں عارضی تعطل ضرور آیا تھا لیکن پلانٹ پر کام کرنے والے عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے بعد کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ سال کووِڈ 19 کی وبا سے متعلق سازشی نظریات پھیلانے میں برطانوی سوشل میڈیا پیش پیش تھا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور فائیو جی ٹیکنالوجی میں تعلق کی افواہ سب سے پہلے برطانیہ میں مقبول ہوئی جس کے نتیجے میں وہاں درجنوں موبائل ٹاورز کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: کورونا وائرس کا خوف ؛ یورپ میں 5-جی ٹاورز نذرِ آتش

کورونا ویکسین کے حوالے سے بھی پوری دنیا میں افواہوں کا زور ہے۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق، تقریباً 25 فیصد برطانوی شہری مختلف وجوہ کی بناء پر کورونا ویکسین لگوانے کے خلاف ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں