لاہور میں کمسن گھریلو ملازمہ زیادتی کے بعد قتل

بچی کے جسم کے ہاتھ پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، اہل خانہ


ویب ڈیسک January 28, 2021
بچی کے جسم کے ہاتھ پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، اہل خانہ

علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے میں گھریلو ملازمہ مصباح کو نامعلوم افراد نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بہیمانہ طور پر قتل کردیا۔

لواحقین نے الزام لگایا کہ 14 سالہ لڑکی نرگس بلاک کے گھر میں کام کرتی تھی، اس کی لاش ملی ہے اور بچی کے جسم کے ہاتھ پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا ہے۔

لاہور پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر مردہ خانے منتقل کردیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا جس کی رپورٹ سے موت کی وجہ کا تعین کیا جائے گا اور مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے گھریلو ملازمہ سے زیادتی و قتل کے المناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف جلد از جلد کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا۔

عثمان بزدار نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مقتولہ کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں