جعلی ٹیکس ری فنڈز صدر مملکت کا ایف بی آر پر اظہار برہمی

ایف بی آر نے جعلی رجسٹرڈ پرسنز کو 87 کروڑ روپے سے زائد ری فنڈکی منظوری دی


ویب ڈیسک January 29, 2021
ایف بی آر نے جعلی رجسٹرڈ پرسنز کو 87 کروڑ روپے سے زائد ری فنڈکی منظوری دی

صدر مملکت نے جعلی دعوؤں کی تفتیش میں ناکامی پر ایف بی آر پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔

صدر مملکت نے ایف بی آر کو جعلی ٹیکس ری فنڈ کیس میں ایک کروڑ چوالیس لاکھ روپے کی وصولی کا حکم دے دیا اور وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کے خلاف ایف بی آر کی جانب سے دائر کردہ اپیل مسترد کردی۔

صدر نے فیصلے میں کہا کہ ایف بی آر کے حکام نے جعلی رسیدوں کی بنیاد پر جعلی رجسٹرڈ پرسن کو ایک کروڑ چوالیس لاکھ سے زائد ٹیکس ری فنڈ کیا، وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کے علاقائی دفاتر کی جانب سے ری فنڈ کی ادائیگی میں کی جانے والی بے ضابطگیوں کے خلاف سو موٹو کاروائی کی تھی، وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو جعلی رسیدوں کی بنیاد پر ادا کی جانے والی رقم وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔

صدر مملکت نے ایف بی آر کی جانب سے جعلی دعوؤں کی تفتیش میں ناکامی پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عہدیداران کی ملی بھگت سے رقم واپس کی گئی اور ذمہ داران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ، جعل سازوں سے خرد برد کی گئی رقم کی وصولی کی جائے اور قانونی سزادی جائے، ایف بی آر وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کی مخالفت کی بجائے عوام کے پیسے کی وصولی یقینی بنائے۔

ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب کے احکامات کے خلاف ایوانِ صدر میں 74 درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ متعلقہ ریکارڈ کے مطابق ایف بی آر نے جعلی رجسٹرڈ پرسنز کو 87 کروڑ روپے سے زائد ری فنڈکی منظوری دی جس میں سے 22 کروڑ سے زائد رقم پہلے ہی ادا ہوچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں