رومانیہ کے کورونا وارڈ میں آتشزدگی 4 مریض ہلاک

آتشزدگی کے وقت وارڈ میں 120 مریض موجود تھے


ویب ڈیسک January 29, 2021
رومانیہ کے ایک اسپتال کے کورونا وارڈ میں گزشتہ برس نومبر میں بھی آگ لگی تھی، فوٹو : فائل

رومانیہ کے دارالحکومت کے مرکزی اسپتال کے کورونا وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 4 مریض بری طرح جھلس کر ہلاک جب کہ متعدد کی حالت غیر ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ کے ایک اہم اسپتال کے کورونا وارڈ کو خوفناک آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، وارڈ میں 120 مریض موجود تھے جنہیں اسپتال کے عملے نے فوری طور پر دوسرے وارڈ میں منتقل کیا تاہم اس دوران متعدد مریض بری طرح جھلس گئے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا تاہم 4 مریض بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے اور 20 سے زائد زخمی ہیں اور 8 مریضوں کی دھوئیں کے باعث حالت غیر ہوگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی رومانیہ کے ایک اسپتال کے کورونا وارڈ میں آتشزدگی میں 10 مریض ہلاک ہوگئے تھے جب کہ 2015 میں نائٹ کلب میں ہونے والی آتشزدگی میں 50 سے زائد ہلاکتوں پر وزیراعظم مستعفی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔