عوام مہنگائی کے خوف میں مبتلا آئندہ 6 ماہ سخت ہونگے صارف اعتماد سروے جاری

بیشترافراد نے روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہرکردیا، بیروزگاری میں کمی کی امید نہیں

انتہائی کم صارفین نے آئندہ 6 ماہ کوموٹرسائیکل،کار اور مکان کی خریداری کیلیے موزوں وقت قراردیا،سروے۔ فوٹو:فائل

KARACHI:
اسٹیٹ بینک اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے اشتراک سے کیے گئے ''صارف اعتماد سروے'' میں ملک کے اکثریت گھرانوں نے آئندہ 6ماہ کو مہنگائی کے لحاظ سے مشکل قرار دیتے ہوئے مہنگائی کی شدت میں اضافے کی توقعات کا اظہار کیا ہے۔

صارف اعتماد سروے (کنزیومر کانفڈینس سروے) جنوری 2012میں متعارف کرایا گیا جس کا مقصد ملک کے مختلف شہروں سے مہنگائی اور دیگر معاشی اشاریوں سے متعلق عوامی رائے کی بنیاد پر توقعات اور عوام کی مالی حیثیت پر پڑنے والے اثرات کا اندازہ لگانا ہے، اس حوالے سے نومبر 2013میں کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق عوام کی اکثریت نے آئندہ 6ماہ میں روز مرہ استعمال کی تمام اشیا، فوڈ آئٹمز، توانائی، کھانے پینے اور توانائی کے علاوہ بھی اخراجات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ستمبر 2013کے نتائج کے مقابلے میں صارف اعتماد انڈیکس 131.95 پوائنٹس سے کم ہوکر 127.80پوائنٹس رہا، ستمبر میں 50.44 فیصد افراد نے روزمرہ استعمال کی تمام اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا جبکہ نومبر کے سروے میں 52.43 فیصد افراد نے روز مرہ استعمال کی تمام اشیا کی قیمت میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔




اسی طرح فوڈ آئٹمز مہنگے ہونے کے خدشات 49.61 فیصد سے بڑھ کر 52.51فیصد، انرجی آئٹمز مہنگے ہونے سے متعلق خدشات 51.22فیصد سے بڑھ کر 54.03فیصد اور نان فوڈ نان انرجی آئٹمز مہنگے ہونے سے متعلق خدشات 48.76فیصد سے بڑھ کر 50.77فیصد ریکارڈ کیے گئے۔ سروے کے مطابق صرف 4.94فیصد افراد نے بیروزگاری میں کمی سے متعلق مثبت توقعات کا اظہار کیا۔

ستمبر میں یہ تناسب 6.27فیصد تھا، 4.12 فیصد افراد نے شرح سود میں کمی کی امید ظاہر کی، سروے میں شامل 19.94 فیصد کی آمدن میں گزشتہ سال کے مقابل اضافہ ریکارڈ کیا گیا، صرف 7فیصد افراد نے آئندہ 6ماہ کو کنزیومر ڈیورایبلز کی خریداری کے حوالے سے موزوں وقت قرار دیا، 8فیصد نے آئندہ 6 ماہ موٹرسائیکل یا کار کی خریداری کو مناسب وقت قرار دیا، 11.77فیصد نے موجودہ وقت کو مکان کی خریداری کے لیے موزوں قرار دیا، 11.95فیصد نے آئندہ 6ماہ میں بہتر مالی حالات کی توقع ظاہر کی، ستمبر میں کیے گئے سروے میں 14.77 فیصد نے آئندہ 6 ماہ میں معاشی بہتری کی امید ظاہر کی تھی جبکہ نومبر میں 37.93فیصد نے اقتصادی صورتحال مزید خراب ہونے کاخدشہ ظاہرکیا، بہتری کی امیدلانے والے9.56 فیصد رہے جبکہ 52.51فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا، ستمبر میں اقتصادی حالات ابتر ہونے کے خدشات کااظہار کرنیوالے صارفین کی تعداد 32.84فیصدتھی۔
Load Next Story