ٹی 20 سیریز بعض نئے چہروں کی قسمت چمکنے کا امکان

حفیظ کو تاخیر سے ٹیم جوائن کرنے کی اجازت نہ ملی تو متبادل کا فیصلہ ہوگا


Sports Reporter January 31, 2021
حفیظ کو تاخیر سے ٹیم جوائن کرنے کی اجازت نہ ملی تو متبادل کا فیصلہ ہوگا۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان اتوار کوہوگا جب کہ بعض نئے چہروں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

جنوبی افریقہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان اتوار کوکیا جائے گا، ٹیسٹ کی طرح مختصر فارمیٹ کیلیے بھی چند نئے چہروں کو متعارف کرانے کا امکان ہے، بابر اعظم کی انجری کے سبب نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے شاداب خان اب تک ان فٹ ہیں۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنے والے زاہد محمود جگہ سنبھالنے کے مضبوط امیدوار ہیں، بخار کی وجہ سے دورئہ نیوزی لینڈ سے محروم رہ جانے والے اوپنر فخرزمان کی واپسی ہوگی، عبداللہ شفیق کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔

شرجیل خان، ذیشان ملک، صہیب مقصود، اعظم خان، عماد بٹ اور عامر یامین سمیت ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے چند کھلاڑیوں کے نام بھی زیر غور ہیں، وہاب ریاض کی جگہ حسن علی کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

ٹی 10 لیگ میں شرکت کیلیے جانے والے محمد حفیظ کا 3 فروری کو وطن واپس آکر لاہور میں تربیتی کیمپ جوائن کرنا مشکل لگتا ہے،آل راؤنڈرکو تاخیر سے شامل ہونے کی اجازت دی گئی تو اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، دوسری صورت میں متبادل کا انتخاب کیا جائے گا۔

کرکٹرز کی قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرکے کوچز کی نگرانی میں شروع ہوجائے گی،کپتان بابر اعظم سمیت ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے منتخب چند پلیئرز راولپنڈی میں ٹیسٹ کھیل کر لاہور پہنچیں گے۔

دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش آخری مراحل میں داخل ہوگئی، گراؤنڈ مکمل تیار ہوگیا، دھوپ نکلنے کی وجہ سے اسٹاف کو سپورٹنگ پچز کی تیاری کا اچھا موقع مل گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں