اور یوں امریکا بچ گیا

امریکا تباہی سے بچ گیا ورنہ ٹرمپ نے تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔

usmandamohi@yahoo.com

امریکا تباہی سے بچ گیا ورنہ ٹرمپ نے تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ ٹرمپ کی دماغی حالت پر سب کو ہی شک وشبہ رہا اس لیے کہ ان کا ہر فیصلہ متنازعہ اور تعجب خیز تھا۔ ان کے پورے دور میں پوری دنیا ہیجانی کیفیت سے دوچار رہی وہ خود اپنے ملک کے لیے عذاب سے کم ثابت نہیں ہوئے پوری امریکی قوم کو دو حصوں میں تقسیم کرگئے۔

انتہا پسند گوروں کی کالوں کے خلاف نسل کشی میں درپردہ حمایت کرتے رہے۔ ان کے دور میں کالوں کو مسلسل عدم تحفظ کا احساس رہا۔کئی کالے شہری امریکی پولیس کے ہاتھوں نہایت بے دردی سے مارے گئے۔ جارج فلوئیڈ کا قتل اس کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ امریکا کے خاص اتحادی یورپی ممالک کو نہیں بخشا ان کو اپنا دفاع خود کرنے یا امریکا کو اس کا معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا، وہ یورپی یونین کو توڑنے کے حامی تھے۔ برطانیہ کو یورپی یونین سے باہر نکلنے کی ہمت افزائی کی۔ ان کے اپنے صدارتی الیکشن جیتنے پر سی آئی اے کو تحفظات تھے، ان پر الزام تھا کہ انھوں نے اپنا الیکشن جیتنے کے لیے روس سے مدد حاصل کی۔

کورونا کو مذاق سمجھتے رہے عوام کو اس سے تحفظ دلانے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے۔ چین کو کورونا کی بیماری کا ذمے دار ٹھہراتے رہے ادھر ان کی غفلت کی وجہ سے امریکا میں کورونا سے ہلاکتیں بڑھتی رہیں۔ ایک طرف چین سے شدید نفرت کا اظہار کرتے رہے جب کہ دنیا کے لیے خطرہ بننے والی شمالی کوریا کی قیادت سے ملاقات کرنے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔ اقتدار سنبھالتے ہی مسلم دشمنی کا اظہار کرنے لگے پانچ مسلم ملکوں کے شہریوں کی امریکا میں آمد پر پابندی عائد کردی۔

خلیجی ممالک کو باہم لڑانے اور ایران دشمنی میں پیش پیش رہے۔ اوباما کے دور میں ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو یک جنبش قلم رد کردیا۔ اس کے بعد ایران پر اس قدر پابندیاں عائد کیں کہ اس کی معیشت کو مفلوج کرکے رکھ دیا۔ ایران پر حملے کے لیے خلیجی ممالک کو اکساتے رہے اسرائیل کے تحفظ کے لیے ایران پر حملہ کرنے کی روز ہی دھمکیاں دیتے رہے۔ اسرائیل کو شام پر حملے کی کھلی چھوٹ دی۔

ایران کی ایٹمی تنصیبات پر اسرائیل نے کئی دفعہ حملے کیے۔ اسرائیل کو عربوں پر حاوی کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔ بالآخر اسرائیل کو تسلیم کرنے پر مجبورکردیا۔ اس دباؤ کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش اور سوڈان سے اسرائیل کو تسلیم کرا لیا۔ ان کا پورا دور اسرائیل اور بھارت نوازی میں گزرا اور خود اپنے ملک کے لیے کچھ ہیں کیا۔ بیکا معاہدہ کرکے بھارت کی سلامتی کو محفوظ بنا دیا جب کہ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتیرہے اور امداد بھی بند کردی جب کہ پاکستان افغان مسئلے کو حل کرانے میں اپنی کوششیں کرتا رہا۔


مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے میں اور گلگت بلتستان پر حملہ کرنے میں مودی کی ہمت افزائی کی۔ بھارت کو خطے کا چوکیدار بنانے اور اسے چین کے خلاف لڑائی کے لیے اس کی ہر ممکن فوجی مدد کرتے رہے۔ کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم سے آنکھیں بند رکھیں۔ بھارت جیسے جارح اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منحرف ملک کو سلامتی کونسل کا مستقل ممبر بنانے کے لیے کوشاں رہے انھوں نے تمام امریکی صدور سے بڑھ کر اسرائیل کی دلجوئی کی۔ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا اور امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کردیا۔

ٹرمپ کی بے پناہ یہود نوازی کو دیکھ کر کئی تجزیہ کار یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے کہ وہ کہیں یہودی تو نہیں یعنی اوپر سے عیسائی اور اندر سے یہودی۔ ویسے بھی ان کا ایک داماد یہودی ہے جس نے عربوں کو اسرائیل کی جانب جھکانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹرمپ نے یہودیوں کا آشیر باد حاصل کرکے اپنے کاروبار کو بلندیوں تک پہنچانے کا بندوبست کر لیا ہے۔ وہ کوئی سیاسی آدمی نہیں تھے انھیں ری پبلکنز نے صدارتی امیدوار نامزد کرکے اپنے پیروں پر کلہاڑی ماری تھی انھوں نے پورا صدارتی دور شائستگی اور سنجیدگی سے خالی اور کاروباری اور ایک دولت مند مغرور تاجر کے طور پر گزرا۔ ان کے پینٹاگون سمیت مختلف امریکی اہم اداروں سے تعلقات کشیدہ رہے انھوں نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر سمیت اپنے کئی وزرا کو تبدیل کیا۔

اقتدار کے اتنے بھوکے تھے کہ اگلی چار سالہ ٹرم کے لیے ہر قیمت پر الیکشن جیتنا چاہتے تھے مگر چونکہ عوام ان سے سخت نالاں تھے اس لیے الیکشن ہارنا ان کا مقدر بن چکا تھا۔ الیکشن میں ناکامی کے بعد بھی انھوں نے ہار تسلیم نہیں کی اور اپنے تجارتی ہتھکنڈوں کو سیاسی کامیابی کے لیے استعمال کرتے رہے وہ مختلف امریکی ریاستوں کے الیکشن کمیشن کے عملے کو دھمکیاں دے کر ان سے اپنی ہار کو جیت میں تبدیل کرانے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔

نئے صدر جوبائیڈن کی نامزدگی کے وقت کیپٹل ہل پر اپنے غنڈے حمایتیوں سے حملہ کروایا۔ ان دنگایوں نے پوری عمارت کو گھیر لیا اور اس کے اندر داخل ہو کر خوب توڑ پھوڑ مچائی اور کئی اراکین سینیٹ اور کانگریس کو زخمی کردیا وہ مسلح تھے اور سینیٹ کی اسپیکر نینسی پلوشی کو قتل کرنا چاہتے تھے مگر وہ اس کوشش میں ناکام رہے۔

انھوں نے اس واقعے کی مذمت کرنے کے بجائے اسے درست قرار دیا۔ وہ نئے صدر کی حلف اٹھانے کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے اور اپنے گھر فلوریڈا جاتے ہوئے ایٹمی حملے کا حکم دینے والا سوٹ کیس اپنے ساتھ لے گئے جس سے پورا امریکا دہل کر رہ گیا کیونکہ وہ ایک بے اعتبار اور ذہنی مریض صدر تھے۔ اب امریکیوں کو چاہیے کہ وہ صدارتی انتخاب لڑنے والے امیدواروں کا پہلے نفسیاتی ٹیسٹ کرانے کو لازم قرار دیں اور جن کی میڈیکل رپورٹ تسلی بخش ہو صرف انھیں ہی الیکشن لڑنے کا موقع دیا جائے۔
Load Next Story