شکست دبے قدموں سری لنکا کی جانب بڑھنے لگی
186پر4پلیئرزآؤٹ،بلاول نے ایک ہی جھٹکے میں حریف بیٹنگ لائن کے2اہم ستون گرادیے
ابوظبی ٹیسٹ میں شکست دبے قدموں سری لنکا کی جانب بڑھنے لگی، بلاول بھٹی نے ایک ہی جھٹکے میں حریف بیٹنگ لائن کے 2 اہم ستون گرا دیے، دن کے آخری اوور میں جنید خان نے خطرناک اوپنر کوشل سلوا کو بھی ٹھکانے لگا دیا۔
دوسری اننگز میں آئی لینڈرز کی 186 رنز پر 4 وکٹیں گریں اور7 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، سلوا نے 81 اور سنگاکارا نے 55 رنز بنائے۔ اس سے قبل پاکستان پہلی اننگز کو طول دینے میں ناکام رہا، 327 رنز 4 وکٹ سے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کرنے والی ٹیم 383 پر آؤٹ ہوگئی، مصباح الحق نے 135 رنز بنائے، اسد شفیق 13 رنز پر ہی ہمت ہارگئے، شمندا ایرنگا اور رنگانا ہیراتھ نے 3، 3 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے پہلی اننگز میں 179 رنز کے خسارے سے دوچار ہونے کی وجہ سے دوسری باری کا احتیاط سے آغاز کیا، دیموتھ کرونا رتنے اور کوشل سلوا اسکور کو 47 رنز تک لے ہی گئے تھے کہ یہ جوڑی جنید خان کے ہاتھوں ٹوٹ گئی، کرونارتنے 24 رنز پر بولڈ ہوئے، کوشل سلوا نے اب سابق کپتان اور تجربہ کار بیٹسمین سنگاکارا کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا، جب سنگاکارا 29 رنز پر تھے تو بلاول بھٹی نے ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی جس پر انگلش امپائر رچرڈ کیٹل برو نے انگلی بھی اٹھا دی، مگر سنگاکارا فیصلے کو چیلنج کرکے میدان بدر ہونے سے بچ گئے، ان کی سلوا کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلیے 99 رنز کی شراکت ہوئی۔
فلیٹ پچ پر سابق کپتان کی بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے ان کی 2 برس قبل اسی گراؤنڈ پر کھیلی گئی اننگز کی یادیں تازہ ہونے لگیں، جب انھوں نے ڈبل سنچری اسکور کرکے نہ صرف 314 رنز کا خسارہ ختم کیابلکہ میچ میں ٹیم کو ناکامی سے بھی بچالیا تھا، اس بار بھی انھوں نے ویسے ہی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ففٹی مکمل کیں،سلوا نے بھی یہ اعزاز پایا، جیسے ہی یہ محسوس ہوا کہ سری لنکا کی قسمت بہتر ہورہی ہے بلاول بھٹی اس پر ٹوٹ پڑے، انھوں نے پہلے سنگاکارا کو شکار کیا، ڈرائیو کرتے ہوئے ایج لگی اور گیند فرسٹ سلپ کی جانب لپکی جہاں یونس خان نے دائیں جانب ڈائیو لگا کر نیچے آتے کیچ کو عمدگی سے قابو کیا، سنگاکارا نے 6 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔
اگلے اوور کی پہلی گیند پر بلاول بھٹی نے مہیلا جے وردنے کوصفر کی خفت سے دوچار کردیا، گیند بیٹ کے کندھے سے ٹکراتی ہوئی گلی میں موجود اسد شفیق کے ہاتھوں میں پہنچ گئی، بلاول نے دنیش چندی مل کو بھی اپنی تیز گیندوں سے پریشان کیا، اس میں ایک 145 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آنے والا باؤنسر بھی شامل تھا جو بیٹ کے ہینڈل سے ٹکرایا، دوسرے اینڈ پر موجود کوشل سلوا نے 81 رنز بنانے میں کافی محنت کی اور سری لنکا کے اسکور کو بھی پاکستان سے آگے لے گئے، وہ چوتھے روز بھی مزاحمت جاری رکھنے کیلیے سیٹ دکھائی دے رہے تھے مگر دن کے آخری اوور میں جنید خان کی گیند پر وکٹ کیپر عدنان اکمل نے نیچے آتا ہوا کیچ تھام لیا، سلوا نے 81 رنز کیلیے 177 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے جڑے، جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو سری لنکا نے 4 وکٹ پر 186 رنز بنالیے اور اسے 7 رنز کی برتری مل گئی تھی۔ دنیش چندیمل 24 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بلاول اور جنید نے 2،2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل پاکستان نے 327 رنز 4 وکٹ سے دن کا آغاز کیا، اسد شفیق گذشتہ روز کے اسکور 12میں فقط ایک رن مزید جوڑ کرلکمل کی گیند پر سلوا کا کیچ بن گئے، عدنان اکمل (6) کا شمندا ایرنگا کی گیند پر سینانائیکے نے کیچ لیا، بلاول بھٹی (14) میتھیوز کی بال پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، سعید اجمل اور راحت علی دونوں کا صفر پر ہیراتھ نے شکار کیا، 383 رنز پر گرنے والی آخری وکٹ مصباح الحق کی تھی جنھیں ہیراتھ نے سنگاکاراکی مدد سے قابو کیا، انھوں نے 306 بالز پر 135 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 16 چوکے شامل تھے۔ ایرنگا اور ہیراتھ نے 3، 3 جبکہ لکمل نے2 وکٹیں لیں۔